کورونا وائرس غیر معینہ مدت تک ساتھ رہے گا: بورس جانسن

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ لگتا ہے پوری زندگی اس وبائی امراض کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

لندن: برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے اثرات سے نکلنے میں کئی سال لگیں گے۔

اپنی رہائش ڈاؤننگ اسٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس غیرمعینہ مدت تک ساتھ رہے گا۔

برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ پوری زندگی اس وبائی امراض کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب حکومت کے چیف میڈیکل ایڈوائزر پروفیسر کرس وائٹی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پائے جانے والی احساس محرومی لوگوں کی صحت پر طویل عرصے تک بڑے پیمانے پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے 112 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد سوا لاکھ سے متجاوز کر گئی ہے۔