محبوبہ مفتی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر ہوئے حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے یہ بات روشن ہو جاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے۔
سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر انتخابی تشہیر کے دوران ہونے والے مبینہ حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے یہ بات روشن ہو جاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے۔
انہوں نے ممتا بنرجی کی جلد صحتیابی اور ان کی انتخابی مہم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے یہ باتیں اپنے ایک ٹویٹ میں کہیں۔
ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ’ممتا بنر جی پر انتخابی ریلی کے دوران حملہ ہونے پر سخت افسوس ہوا۔ اس سے یہ بات روشن ہوجاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے۔ میں ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں اور ان کی انتخابی مہم کے لئے میری نیک خواہشات ہیں‘۔
Shocked by the reprehensible attack on @MamataOfficial at an election rally today. Shows the hatred & division that has possessed this country. My best wishes for her campaign & hope she recovers soon.
— Mehbooba Mufti (@MehboobaMufti) March 10, 2021
دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی ممتا بنرجی پر مبینہ حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔
عمر عبداللہ نے جمعرات کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’ہم (میں اور میرے والد) انتخابی مہم کے دوران ممتا بینرجی پر ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ انتخابی مہموں کے دوران ہونے والی گرما گرمی جسمانی تشدد پر منتج نہیں ہونی چاہئے۔ امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس مسئلے کی تہہ تک پہنچے گا‘۔
My father joins me in condemning the assault on @MamataOfficial while campaigning. The rough & tumble of election campaigns should not descend in to physical violence & we hope the EC inquiry gets to the bottom of this.
— Omar Abdullah (@OmarAbdullah) March 11, 2021
قابل ذکر ہے کہ ممتا بینرجی بدھ کے روز نندی گرام میں انتخابی تشہیر کے دوران زخمی ہوئی تھیں۔ ان کی پارٹی ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ ان پر حملہ کیا گیا ہے۔
ممتا بنرجی کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان کے پیر، کاندھوں اور گردن میں چوٹ آئی ہے۔