پاکستانی بحریہ کی گاڑیوں پر حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب ایک نامعلوم شخص نے خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند گولی باری شروع کردی۔ مرنے والوں میں ایک کی شناخت سیلر سہیل اور دوسرے کی نائی رضا کے طور پر کی گئی ہے۔
اسلام آباد: پاکستان کے ساحلی ضلع گوادر کے گنج علاقے میں بحریہ کی گاڑیوں پر اچانک ہوئے حملے میں دو جوان مارے گئے اور ایک دیگر زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ یہ واقعہ سنیچر کے روز پیش آیا۔
روزنامہ ڈان کے مطابق یہ واقعہ اس وقت ہوا جب ایک نامعلوم شخص نے خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند گولی باری شروع کردی۔ مرنے والوں میں ایک کی شناخت سیلر سہیل اور دوسرے کی نائی رضا کے طور پر کی گئی ہے۔
اس واقعہ کے فوراً بعد موقع پر سیکیورٹی فورسز کے جوان پہنچ گئے اور زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
دونوں جوانوں کی لاشیں ان کے آبائی مقامات پر بھیج دی گئی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لئے کراچی ریفر کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر کیپٹن (سبکدوش) اطہر عباس نے کہا کہ جس علاقے میں حملہ ہوا تھا، اسے محاصرے میں لے کر تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے لیکن اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔