بھارتیہ جنتا یووا مورچہ لیڈروں نے ریاست میں خالی دو لاکھ ملازمتوں کو پُر کرنے کیلئے فوری اعلامیہ جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت بے روزگار نوجوانوں کے لئے الاؤنس کا اعلان کرے، جس کا قبل ازیں وعدہ کیاگیا تھا۔
حیدرآباد: سرکاری ملازمتوں کو پُرکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بی جے وائی ایم) کے لیڈروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے آج حیدرآباد میں تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کے دفتر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے احتجاجیوں نے خالی دو لاکھ ملازمتوں کو پُر کرنے پر زور دیا۔ پولیس نے ان ہاتھوں میں پرچم اور پلے کارڈس تھامے احتجاجیوں کو روک دیا جو حکومت کے خلاف اور اپنے مطالبہ کی حمایت میں نعرے بازی کررہے تھے۔ اس موقع پر ان کی پولیس کے ساتھ بحث و تکرار ہو گئی۔ پولیس نے ان کو حراست میں لے لیا۔ بی جے پی کے دفتر سے پبلک سروس کمیشن کے دفتر تک یہ احتجاج کرتے ہوئے دفتر پبلک سروس کمیشن کے محاصرہ کی کوشش کی گئی۔
ان لیڈروں نے ریاست میں خالی دو لاکھ ملازمتوں کو پُرکرنے کیلئے فوری اعلامیہ جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت بے روزگار نوجوانوں کے لئے الاؤنس کا اعلان کرے، جس کا قبل ازیں وعدہ کیاگیا تھا۔ انہوں نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت بے روزگارنوجوانوں سے دھوکہ کررہی ہے۔ پولیس نے ان کو روکنے کے لئے قبل ازیں ہی بیریکیڈس لگائے تھے۔