بنگال میں آر جے ڈی کا امیدوار نہ اتارنے کا فیصلہ، ممتا بنرجی کے لئے پارٹی ورکر کریں گے کام: شیام رجک

بہار کے سابق وزیر شیام راجک نے کہا کہ پارٹی کے کارکن اور بہار سے کارکن ٹی ایم سی امیدواروں کے لئے انتخابی مہم چلائیں گے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ امیدوار ٹی ایم سی کا ہے یا آر جے ڈی کا۔

کلکتہ: راشٹریہ جنتادل نے ممتا بنرجی کی حمایت کرتے ہوئے بنگال میں امیدوار نہ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ تیجسوی یادو نے کل وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ریاستی سیکریٹریٹ نو بنو میں ملاقات کی تھی۔

تیجسوی یادو نے بہار کے شہری جو مغربی بنگال میں مقیم ہیں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کے حق میں ووٹنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی سیکولر اقدار کو بچانے کے لئے ہے۔ یادو نے کہا کہ لالو پرساد یادو نے ممتا بنرجی سے حمایت کا اعلان کیا ہے۔

آر جے ڈی کے قومی پرنسپل جنرل سکریٹری اور سابق وزیر عبدالباری صدیقی جنہوں نے تیجسوی کے ساتھ ممتا کے ساتھ ملاقات میں شرکت کی، نے بتایا کہ پارٹی نے کسی بھی قسم کے الجھنوں سے بچنے کے لئے امیدوار کو نامزد نہیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بی جے پی کی شکست کے لئے ترنمول کانگریس کو  حمایت

انہوں نے کہا کہ پارٹی شروع میں پانچ سے چھ نشستیں لڑنا چاہتی تھی لیکن بی جے پی کو شکست دینے کے لئے ترنمول کانگریس کو ہم نے حمایت کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی کے ذریعہ مغربی بنگال میں جس طرح کی سیاست کی جارہی ہے وہ اگر انتخابات میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو وہ خطرناک صورتحال پیدا کرسکتی ہے۔ صدیقی نے کہا کہ آر جے ڈی ایسی فرقہ وارانہ قوتوں سے لڑ رہا ہے اور اسے ہرا رہا ہے اور مغربی بنگال میں بھی جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امیدواروں کو کھڑا کرنا اہم نہیں ہے۔ یہ ضروری ہے کہ ہم مل کر لڑیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ترنمول کانگریس کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ہماری حمایت کا خیرمقدم کیا ہے اور ممتا بنرجی نے قومی سطح پر فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جنگ میں تیجسوی پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔

فرقہ وارانہ قوتوں کو روکنا مشترکہ مقصد

آر جے ڈی کے مغربی بنگال کے انتخابی انچارج اور بہار کے سابق وزیر شیام راجک نے کہا کہ پارٹی کے کارکن اور بہار سے کارکن ٹی ایم سی امیدواروں کے لئے انتخابی مہم چلائیں گے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ امیدوار ٹی ایم سی کا ہے یا آر جے ڈی کا۔ ہمارا مشترکہ مقصد فرقہ وارانہ قوتوں کو روکنا ہے۔ ہمارے اہم رہنما جن میں تیجسوی جی بھی شامل ہیں، اس اہم انتخاب میں انتخابی مہم چلائیں گے۔

مغربی بنگال میں کانگریس کے ساتھ "فاصلے” کے بارے میں پوچھے جانے پر آر جے ڈی کے ترجمان تیواری نے کہا کہ ہر ریاست میں سیاسی منظر نامہ مختلف ہے۔ پارٹی کا موقف ہے کہ ممتا بنرجی اتنے مضبوط ہیں کہ انہوں نے مغربی بنگال میں بی جے پی کو شکست دی۔ اس لئے ہم نے ترنمول کانگریس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔