تیجسوی یادو نے کہا کہ راشٹریہ جنتادل کے سپریمو لالو پرساد یادو نے بنگال میں ترنمول کانگریس کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بی جے پی کو اقتدار میں آنے سے روکنا ہے۔ ممتا بنرجی کو جہاں بھی ضرورت ہوگی ہم وہاں ان کی مدد کریں گے۔
کلکتہ: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کے ساتھ آر جے ڈی کے اتحاد کی خبروں کے درمیان آج بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ریاستی سیکریٹریٹ میں وزیرا علیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔
تیجسوی یادو نے گزشتہ سال کے اواخر میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کی قیادت کی تھی۔ اس گٹھ بندھن میں کانگریس اور لیفٹ جماعتیں شامل تھیں۔ مگر بنگال میں کانگریس اور لیفٹ اتحاد ممتا بنرجی کے خلاف انتخاب لڑرہی ہے۔
ممتا بنرجی اور تیجسوی یادو کے درمیان ملاقات میں ریاستی وزیر شہری ترقیات فرہاد حکیم بھی موجود تھے۔
اس سے قبل تیجسوی یادو نے کہا کہ راشٹریہ جنتادل کے سپریمو لالو پرساد یادو نے بنگال میں ترنمول کانگریس کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بی جے پی کو اقتدار میں آنے سے روکنا ہے۔ ممتا بنرجی کو جہاں بھی ضرورت ہوگی ہم وہاں ان کی مدد کریں گے۔
واضح رہے کہ اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بھی ممتا بنرجی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔