جنت نما کشمیر کے موسم میں بہتری کے ساتھ کسانوں نے اپنے کھیتوں اور باغوں میں کام کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور خوشگوار موسم کے دوران محکمہ موسمیات نے برف وباراں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
سری نگر: وادی کشمیر میں کئی دنوں سے جاری خوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 22 فروری کی شام سے موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث وادی میں 27 فروری تک موسم خراب رہنے کا ا مکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران وادی میں 22، 23، 26 اور 27 فروری کو ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔ دریں اثنا وادی میں جمعے کے روز بھی موسم خوشگوار رہا اور دن بھر خوش کن دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو پارکوں، دکانوں کے تھڑوں اور دیگر مقامات پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
وادی میں موسم میں بہتری کے ساتھ جہاں کسانوں نے اپنے کھیتوں اور باغوں میں کام کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے وہیں دوسری طرف دفاتر و دیگر کام کی جگہوں پر گرمی کے آلات کا استعمال بھی بند ہونے لگا ہے۔
گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ واضح ہو کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
قبل ازیں سری نگر میں رواں موسم کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضہ گنڈ میں منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.8ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں منفی 12.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 20.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
ادھر وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ جمعے کے روز حسب سابق ضروری مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔
ایک ٹریفک پولیس افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ قومی شاہراہ خاص کر رام بن سے رامسو علاقے کے درمیان مرمتی کام کے پیش نظر جمعہ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔
وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ جو یکم جنوری سے بند ہےِ، پر موسم میں بہتری کے ساتھ ہی برف ہٹانے کے عمل کو تیز تر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ زوجیلا پاس پر برف ہٹانے کا کام لگ بھگ مکمل ہوگیا ہے اور شاہراہ کو بہت جلد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھول دیا جائے گا۔
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر سال گذشتہ کے ماہ دسمبر سے ٹریفک مکمل طور پر بند ہے۔