بہار میں 17 وزراء کی حلف برداری کے ساتھ محکموں کی بھی ہوئی تقسیم

نتیش کابینہ کی تشکیل 16 نومبر کو ہوئی تھی۔ تب وزیراعلیٰ سمیت 15 لوگوں نے حلف لیا تھا۔ کابینہ تشکیل کے 85 دنوں بعد کابینہ کی توسیع میں 17 نئے وزیر بنائے گئے ہیں۔

پٹنہ: بہار کی نتیش حکومت کے کابینہ توسیع میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نو، جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے سات اور آزاد رکن اسمبلی کو جگہ دیئے جانے کے ساتھ ہی آج وزراء کے مابین قلمدانوں کی تقسیم بھی کر دی گئی۔

گورنر ہاﺅس میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب

گورنر ہاﺅس میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں گورنر پھاگو چوہان نے سب سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سید شاہنواز حسین کو وزارتی عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ مسٹر حسین نے اردو میں عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ اس کے بعد جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے شرون کمار نے وزارتی عہدہ کا حلف لیا۔

ان دونوں لیڈران کے بعد مدن سہنی (جے ڈی یو)، پرمود کمار (بی جے پی)، سنجے کمار جھا (جے ڈی یو)، لیثی سنگھ (جے ڈی یو)، سمراٹ چودھری، نیرج کمار سنگھ ببلو، سبھاش سنگھ، نتین نوین (سبھی بی جے پی)، سمت کمار سنگھ (آزاد)، سنیل کمار (جے ڈی یو)، نارائن پرساد (بی جے پی)، جینت راج (جے ڈی یو)، آلوک رنجن (بی جے پی)، محمد زماں خان (جے ڈی یو)، جنک رام (بی جے پی) نے وزارتی عہدہ او ر رازداری کا حلف لیا۔ مسٹر سنجے جھا اور آلوک رنجن نے میتھلی زبان میں حلف لیا۔

شاہنواز حسین کو صنعت محکمہ کی ذمہ داری

سید شاہنواز حسین کو صنعت، شرون کمار کو دیہی ترقیات، مدن سہنی کو سماجی فلاح، پرمود کمار کو گنا صنعت اور قانون، سنجے کمار جھا کو آبی وسائل اور اطلاعات و رابطہ عامہ محکمہ، لیثی سنگھ کو خوراک اور صارفین تحفظ اور سمراٹ چودھری کو پنچایتی راج محکمہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
اسی طرح نیرج کمار سنگھ عرف نیرج ببلو کو ماحولیات و جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی، سبھاش سنگھ کو کو آپریٹیو، نیتن نوین کو سڑک تعمیرات، سمت کمار سنگھ کو سائنس و ٹیکنالوجی، سنیل کمار کو امتناع منشیات، ایکسائز اور رجسٹریشن، نارائن پرساد کو سیاحت، جینت راج کو دیہی ورکس، آلوک رنجن کو فن و ثقافت و امور نوجوان، محمد زماں خان کو اقلیتی فلاح اور جنک رام کو کانکنی و آثار قدیمہ محکمہ کی ذمہ داری ملی ہے۔اس کے ساتھ ہی اب جنرل ایڈمنسٹریشن، داخلہ، کابینہ سکریٹریٹ، نگرانی، الیکشن اور ایسے سبھی محکمے جو کسی وزیر کو الاٹ نہیں کئے گئے ہیں وزیراعلیٰ نتیش کمار کے پاس ہیں۔ وہیں نائب وزیراعلیٰ تارکشور پرساد کے ذمہ مالیات کمرشیل ٹیکس اور شہری ترقیات اور رہائش محکمہ اور نائب وزیراعلیٰ رینودیوی کے پاس آفات مینجمنٹ، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقہ فلاح، وجے کمار چودھری کے پاس تعلیم اور پارلیمانی امور، بجیندر پرساد یادو کے پاس توانائی، پلاننگ اور ترقیات، اشوک چودھری کے پاس عمارت تعمیرات، شیلا کماری کے پاس ٹرانسپورٹ، سنتوش کمار سمن کے پاس چھوٹی آبی وسائل، درج فہرست ذات وقبائل فلاح، مکیش سہنی کے ذمہ مویشی اور ماہی پروری، منگل پانڈے کے پاس محکمہ صحت، امریندر پڑتاپ سنگھ کے پاس زراعت، رام پریت پاسوان کے پاس پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، جیویش کمار کے پاس لیبر وسائل انفارمیشن ٹیکنالوجی اور رام صورت کمار کے پاس محصولات اور اصلاحات اراضی محکمہ ہیں۔

غور طلب ہے کہ نتیش کابینہ کی تشکیل 16 نومبر کو ہوئی تھی۔ تب وزیراعلیٰ سمیت 15 لوگوں نے حلف لیا تھا۔ جن میں سے ایک میوالال چودھری نے بعد میں استعفیٰ دے دیا تھا۔ کابینہ تشکیل کے 85 دنوں بعد کابینہ کی توسیع میں 17 نئے وزیر بنائے گئے ہیں۔

بہار اسمبلی میں 243 سیٹیں ہیں۔ کل تعداد کی 15 فیصد حصہ داری کابینہ میں ہوسکتی ہے۔ اس کے مطابق بہار میں وزیراعلیٰ سمیت کل 36 وزیر ہوسکتے ہیں۔ آج کی توسیع کے بعد نتیش حکومت میں وزراء کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔