اتراکھنڈ: چمولی میں گلیشیئر ٹوٹنے سے کم از کم 150 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ

موصولہ اطلاعات کے مطابق اتراکھنڈ میں گلیشیئر ٹوٹنے کی وجہ سے 13.3 میگاواٹ رشی گنگا پن بجلی پروجیکٹ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور الیکندا ندی میں آبی سطح میں اضافے کی وجہ سے سیلاب آگیا۔

چمولی / دہرادون: اتراکھنڈ کے ضلع چمولی کے رینی گاؤں میں اتوار کے روز گلیشیئر ٹوٹنے کے باعث سیلاب آنے سے کم از کم 150 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق گلیشیئر ٹوٹنے کی وجہ سے 13.3 میگاواٹ رشی گنگا پن بجلی پروجیکٹ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور الیکندا ندی میں آبی سطح میں اضافے کی وجہ سے سیلاب آگیا۔

رشی گنگا پن بجلی منصوبہ میں کام کرنے والے کئی لوگ بہہ گئے

پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) اشوک کمار نے بتایا کہ رشی گنگا پن بجلی منصوبہ میں کام کرنے والے کئی لوگ بہہ گئے، ملبے میں پھنسے لوگوں کو بچایا جا رہا ہے۔ پولیس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں۔ سیلاب کا پانی کرن پریاگ پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانی و مالی نقصانات کو روکنے کے لئے پوری کوشش کر رہے ہیں۔

ڈی جی پی نے بتایا کہ تپوون ڈیم میں پھنسے 16 افراد کو پولیس نے باہر نکال لیا ہے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح 10.45 بجے سیلاب آیا اور چمولی میں دو ڈیم کو اس سے نقصان پہنچا ہے۔ قدرتی آفت کے بعد ریاست کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ راحت و بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہے۔ ڈی جی پی مسٹر کمار نے بتایا کہ ندی کے کنارے واقع بہت سے مکانات اور جھونپڑیاں تیز بہاؤ میں بہہ گئی ہیں ۔ سیلاب کے راستے میں آنے والے کئی راستے میں پیڑ بہہ گئے ہیں۔

رشی گنگا اور الیکندا کی بڑھتی ہوئی آبی سطح کو کم کرنے کے لئے ملک کے سب سے بلند ترین ٹہری ڈیم سے پانی کے بہاؤ کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔ سری نگر ڈیم سے پانی کا بہاؤ تیزی سے بڑھنے اور تیز پانی کے بہاؤ کی وجہ سے ندی کنارے کے تمام دیہاتوں اور نشیبی علاقوں کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔

اتراکھنڈ کے وزیر اعلی تریویندر سنگھ راوت موقع پر پہنچ گئے ہیں اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قدرتی آفت کی ویڈیو شیئر کرکے افواہیں نہ پھیلائیں۔

متعدد وزراء کی ریاستی وزیر اعلیٰ سے فون پر بات چیت

وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگل و موسمیاتی تبدیلی پرکاش جاوڈیکر نے بھی وزیر اعلی سے فون پر معلومات حاصل کی۔

 

مسٹر مودی نے ٹویٹر پر کہا ’’پورا ہندوستان اتراکھنڈ کے ساتھ کھڑا ہے اور ملک سبھی کی سلامتی کے لئے دعا گو ہے۔ سینئر عہدیدار مسلسل این ڈی آر ایف کی تعیناتی اور راحت و بچاؤ کے کاموں کی معلومات دے رہے ہیں‘‘۔

امت شاہ کی راوت کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی

مسٹر شاہ نے وزیر اعلی راوت کو ہر کرائی اور عہدیداروں کو دہرادون سے جوشی مٹھ تک این ڈی آر ایف کی چار ٹیموں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ روانہ کرنے کی ہدایت دی۔

ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس موقع پر پہنچ گئی ہے اور جنگی بنیادوں پر راحت و بچاؤ کے کام شروع کرد یے گئے ہیں۔ چمولی پولیس نے لوگوں کو انتباہ دیا کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر پہنچ جائیں۔ تاہم سری نگر میں سیلاب کا پانی معمول پر آ گیا ہے۔

واضح رہے کہ سنہ 2013 میں بادل پھٹنے سے ضلع رودر پریاگ کے بعد مندکنی ندی میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں سیکڑوں افراد کی موت ہو گئی تھی۔
ریاستی حکومت نے کسی طرح کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر امداد کے لئے  10 1070 ، 1905 اور 9557444486 پر رابطہ کرنے کو کہا ہے۔