اتراکھنڈ میں گلیشیئر ٹوٹنے سے اترپردیش میں گنگا کے کنارے واقع اضلاع کے تمام مجسٹریٹ / سپرنٹنڈنٹ کو مستقل نگرانی کی ہدایات دی گئی ہیں۔
لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ میں نندا دیوی گلیشیر کا ایک حصہ رشی گنگا ندی پاور پروجیکٹ کے ڈیم پر گرنے سے الکانندا ندی میں آبی سطح اچانک بڑھ گئی ہے۔ باندھ ٹوٹنے سے پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اترپردیش میں دریائے گنگا کے کنارے واقع اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں گنگا کے کنارے واقع اضلاع کے تمام مجسٹریٹ / سپرنٹنڈنٹ کو مستقل نگرانی کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے حکومت اترپردیش نے ایس ڈی آر ایف کو بھی الرٹ کردیا ہے۔ ریاست میں گنگا کے کنارے واقع اضلاع میں پانی کی سطح کی مستقل نگرانی کی جارہی ہے۔ پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کی صورت میں ضرورت پڑنے پر گنگا ندی کے کنارے رہنے والے لوگوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔ راحت اور بچاؤ کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں حکومت اترپردیش اتراکھنڈ کی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ اتراکھنڈ کی حکومت کو ضرورت پڑنے پر تمام ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی طرح کی افواہوں پر بھروسہ نہ کریں اور نہ ہی افواہ پھیلائیں۔ لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ندی کے کنارے نہیں جانا چاہئے۔ کسی بھی طرح کی ناخوشگوار صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ اترپردیش حکومت تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔