گلیشیر کے ٹوٹنے سے رشی گنگا پاور پروجیکٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے اور سیلاب سے الکانندا ندی کی آبی سطح میں کئی فٹ تک اضافہ ہوا ہے۔
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں گلیشیر پگھلنے سے سیلاب کے حالات پیدا ہونے کے پیش نظر وزیر اعلی تریویندر سنگھ راوت کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مسٹر امیت شاہ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی چار ٹیمیں دہرادون سے جوشی مٹھ روانہ کریں۔ ہمالیائی سرحد کی حفاظت پر مامور ہند- تبت سرحدی پولیس کو بھی جوشی مٹھ کے ارد گرد علاقے میں امدادی کاموں میں شامل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
امدادی سرگرمیوں پر آج شام کو کابینہ کے سکریٹری راجیو گوبا کی میٹنگ ہونے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ اتراکھنڈ میں ضلع چمولی کے رینی گاؤں میں گلیشیر کی زد میں آنے سے کم از کم 50 افراد کے ہلاک یا لاپتہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
گلیشیر کے ٹوٹنے سے رشی گنگا پاور پروجیکٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے اور سیلاب سے الکانندا ندی کی آبی سطح میں کئی فٹ تک اضافہ ہوا ہے۔ ریاستی حکومت نے فوری طور پر کارروائی شروع کردی ہے اور ندی کے کنارے آباد لوگوں کو وہاں سے منتقل کیا جارہا ہے۔