کسان مخالف قوانین کی وجہ سے پورے ملک کے کسان گزشتہ 63 دنوں سے راجدھانی دہلی کی سرحد پر قانون واپس لینے کی مانگ پر جدوجہد کررہے ہیں اور اپنے 157 ساتھیوں کو گنوا چکے ہیں۔
لکھنو: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بدھ کو کہا کہ کسان مخالف قوانین صرف کسانوں کے لئے نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے خطرناک ہیں کیونکہ یہ قانون حکومت نے اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے بنایا ہے۔
یوپی کانگریس کی سرجن ابھیان کے تحت امیٹھی کے دکھنوارا نیائے پنچایت میں منعقدہ میٹنگ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے محترمہ واڈرا نے کہا کہ کسان مخالف قوانین کی وجہ سے پورے ملک کے کسانوں کے وجود پر بحران کھڑا ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پورے ملک کے کسان گزشتہ 63 دنوں سے راجدھانی دہلی کی سرحد پر قانون واپس لینے کی مانگ پر جدوجہد کررہے ہیں اور اپنے 157 ساتھیوں کو گنوا چکے ہیں۔
امیٹھی سے میرا سیاسی نہیں بلکہ خاندانی رشتہ ہے
انہوں نے کہا کہ امیٹھی سے ان کا سیاسی نہیں بلکہ خاندانی رشتہ ہے۔ تنظیم کی تعمیر کانگریس کی اولین ترجیح ہے۔ تنظیم کی بدولت پارٹی حکومت کی غلط پالیسیوں کی مضبوطی کے ساتھ مخالفت کرسکتی ہے اور کسانوں، بے روزگاروں اور مہنگائی کے خلاف ایک مضبوط فیصلہ کن لڑائی لڑسکتی ہے۔
ریاستی کانگریس کے ترجمان برجیندر کمار سنگھ نے بتایا کہ کانگریس تنظیم کو گرام پنچایت سطح تک مضبوط کرنے اور دھاردار بنانے کے زمرہ میں نیائے پنچایت کمیٹیوں کے قیام کے لئے کانفرنسوں کا اہتمام کررہی ہے۔ یہ پروگرا م ملک کے تمام 75 اضلاع اور تمام 826 بلاکوں کی تمام نیائے پنچایت سطح تک چل رہا ہے۔ اب تک تقریباً 90 فیصد سے زیادہ نیائے پنچایتیں قائم ہوچکی ہیں۔
نیائے پنچایتوں کی کانفرنس میں ریاستی کانگریس کے صدر اجے کمار للو، کانگریس کے سینئر لیڈر پرمود تیواری، سابق وزیر نسیم الدین صدیقی، سابق وزیر آر کے چودھری، مقننہ پارٹی کی لیڈر آرادھنا مشرا مونا، قانون ساز کونسل کے لیڈر دیپک سنگھ، سابق رکن پارلیمان راجہ رام پال، سابق رکن پارلیمان پی ایل پونیا سریکھے سینئر لیڈر اور پارٹی کے عہدیداران شامل ہو رہے ہیں اور کارکنوں کی حوصلہ افزائی کرکے نیائے پنچایتوں کے قیام میں ضلع وار پنچایت انچارج کی مدد میں مصروف ہیں۔
سیاہ زرعی قوانین کی کمیوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جارہا ہے
انہوں نے بتایا کہ تنظیم سرجن ابھیان کے تحت ہر نیائے پنچایت میں آنیوالی گرام پنچایتوں سے گیارہ گیارہ اراکین کی فہرست ان کے پتہ اور موبائل نمبر کے ساتھ ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر منگائی جارہی ہے۔ کارکنوں کو کانگریس کی پالیسیوں، پروگراموں اور تحریکات کے بارے میں مکمل معلومات پہنچائی جارہی ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت کی طرف سے بنائے گئے تینوں سیاہ زرعی قوانین کی کمیوں کو عوام کے درمیان پہنچایا جارہا ہے۔ بلندی پر مہنگائی اور بے روزگاری وغیرہ مسائل کے لئے عوام مخالف بی جے پی حکومت کے چہرے کو عام لوگوں کے سامنے بے نقاب کرنے کا کام کارکن کررہے ہیں۔
اسی زمرہ میں محترمہ واڈرا نے 26 جنوری کو رائے بریلی ضلع کے راہی بلاک کی راہی نیائے پنچایت میں کارکنوں سے خطاب کیا اور آج امیٹھی کے جاموں بلاک کے دکھن وارا نیائے پنچایت میں موجود کارکنوں سے خطاب کیا۔