بنگال میں لاء اینڈ آرڈر سے کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: چیف الیکشن کمشنر

ترنمول کانگریس کے لیڈر تاپس رائے نے کہا کہ بی جے پی الیکشن کمیشن کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اپنی مرضی کے مطابق کمیشن کو چلانے کی کوشش کررہی ہے۔

کلکتہ: چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے آج مغربی بنگال پولیس انتظامیہ سے کہا ہے کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر سے کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کا فل بنچ مغربی بنگال کے دورے پر ہے۔ کمیشن کے عہدیداروں نے آج اے ڈی جی لاء اینڈ آرڈر اور ریاستی پولیس کے نوڈل افسر گیان ونت سنگھ کے ساتھ میٹنگ کی۔

کمیشن کے ممبران بشمول سنیل اروڑہ نے ریاست کے چیف انتخابی افسر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اپوزیشن جماعتیں بنگال میں لا اینڈ آرڈر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتی رہی ہے۔ اس کے علاوہ حکمراں جماعت کے لئے کام کرنے کا پولیس انتظامیہ پر الزام عائد کیا جارہا ہے۔ اسی تناظر میں کمیشن نے گیانونت سنگھ سے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ کسی بھی طرح سے نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات

آج الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی ہے۔ ترنمول کانگریس کی طرف سے سبرتو بخشی، فرہاد حکیم، پارتھو چٹرجی اور تاپس رائے میٹنگ میں شریک ہیں۔ بی جے پی، کانگریس اور سی پی ایم جیسی حزب اختلاف کی جماعتوں کے نمائندے بھی میٹنگ میں شرکت کی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے گزشتہ پنچایت انتخابات میں ہوئے تشدد کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ جانبداری سے کام کررہی ہے۔ بی جے پی نے ابھی سے بڑی تعداد میں مرکزی فورسیس کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

دوسری جانب ترنمول کانگریس کے لیڈر تاپس رائے نے کہا کہ ریاست میں انتخابات کو پرامن ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی الیکشن کمیشن کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اپنی مرضی کے مطابق کمیشن کو چلانے کی کوشش کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام ضلع کے سپرنڈنٹ اور کلکٹروں کے ساتھ بھی ملاقات کی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس کمشنریٹ کے تمام کمشنرز بھی میٹنگ میں موجود ہیں۔