فوجی جوانوں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں تین دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ دیگر دو دہشت گرد یا تو واپس بھاگ گئے یا وہیں کہیں چھپے ہوئے ہیں۔ آپریشن کے دوران چار فوجی جوان بھی زخمی ہوگئے۔
جموں: دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع جموں کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فوج نے کم سے کم تین مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ جبکہ اس دوران چار فوجی جوان بھی زخمی ہوگئے ہیں۔
مذکورہ ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اکھنور سیکٹر کے کیری باتل علاقے میں ایل او سی پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب پانچ مسلح دہشت گردوں کے ایک گروپ نے در اندازی کرنے کی کوشش کی لیکن وہاں تعینات فوجی جوانوں نے انہیں روکا اور للکارا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران فوجی جوانوں اور در اندازی کرنے والے دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ دیگر دو دہشت گرد یا تو واپس بھاگ گئے یا وہیں کہیں چھپے ہوئے ہیں۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران چار فوجی جوان بھی زخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں آپریشن ابھی جاری ہے۔
بتادیں کہ فوجی ذرائع کے مطابق سرحد پار لانچنگ پیڈس پر زائد از تین سو دہشت گرد دراندازی کرنے کی تاک میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سال 2020 میں ماضی کے نسبت دہشت گردوں کی طرف سے دراندازی کرنے کی کوششوں میں دس گنا اضافہ درج ہوا۔