ہندوستان نے برسبین میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹیسٹ سیریز 1۔2 سے جیت لی

ہندوستان نے 1۔2 کی فتح کے ساتھ آسٹریلیائی دورے کا خاتمہ کیا۔ ہندوستان نے اس دورے میں ون ڈے سیریز 2۔1 سےہاری تھی لیکن دوبارہ واپسی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز 1۔2 سے اور ٹیسٹ سیریز 1۔2 سے جیت لی۔

برسبین: نوجوان سلامی بلے باز شبھمن گل (91)، چیتیشور پجارا (56) اور باصلاحیت وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ) کی بہترین بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو برسبین کے گابا میدان میں منگل کے روز کھیلے گئے چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن تین وکٹوں سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔ ہندوستان نے پہلی مرتبہ برسبین میں ٹیسٹ میچ جیت کر چار میچوں کی سیریز 1 ۔ 2 سے جیت لی۔

ہندوستان کو اس مقابلے کو جیتنے کے لئے 328 رنوں کا ہدف ملا تھا۔ ٹیم انڈیا نے صبح جب بنا کوئی وکٹ کھوئے چار رنوں سے آگے کھیلنا شروع کیا تو کسی کو توقع نہیں تھی کہ ہندوستان چوتھی اننگز میں اتنے مشکل ہدف کو حاصل کرلے گا لیکن ہندوستانی بلے بازوں نے وہ کرشمہ کر دکھایا جس کا کروڑوں اہل وطن کو انتظار تھا۔ انڈیا نے 97 اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 329 رن بنا کر تاریخی فتح درج کرلی۔

ہندوستان کی گابا میدان میں سات ٹیسٹ میچوں میں پہلی جیت

ہندوستان کی گابا میدان میں سات ٹیسٹ میچوں میں یہ پہلی جیت ہے۔ ہندوستان نے اس میدان پر اپنے گزشتہ چھ ٹیسٹ میچوں میں پانچ ہارے تھے اور ایک ڈرا کھیلا تھا۔ گابا میدان میں ہندوستان کی تاریخی فتح کے تین بڑے ہیرو تھے۔ شبھمن، پجارا اور پنت نے میچ کے آخری دن ایسی بلے بازی کی جسے طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

شبھمن نے 146 گیندوں میں آٹھ چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 91 رنوں کی جارحانہ اننگ کھیلی جس نے ہندوستان کو فتح کی بنیاد بنا دیا۔ پجارا نے 211 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 56 رن بنائے۔ پجارا کی اس اننگز نے ٹیم انڈیا کو مضبوطی فراہم کی اور پنت نے 138 گیندوں میں نو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رن بنائے اور میچ میں ہندوستان کی فتح پر مہر لگادی۔

کپتان اجنکیا رہانے نے 24، مینک اگروال نے نو اور واشنگٹن سندر نے 29 گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رن بنائے۔ آسٹریلیا اپنی شاندار گیندبازی کے باوجود ٹیم انڈیا کے حوصلوں کو پست نہیں کر پایا اور ہندوستان نے 1 ۔ 2 کی فتح کے ساتھ آسٹریلیائی دورے کا خاتمہ کیا۔ ہندوستان نے اس دورے میں ون ڈے سیریز 2۔1 سےہاری تھی لیکن دوبارہ واپسی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز 1۔2 سے اور ٹیسٹ سیریز 1۔2 سے جیت لی۔