شوبھندو ادھیکاری کو چیلنج، نندی گرام اسمبلی حلقہ سے انتخاب ممتا بنرجی خود ہی لڑیں گی

2016 میں نندی گرام اسمبلی حلقہ سے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر شوبھندو ادھیکاری کامیاب ہوئے تھے اور اب وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ شوبھندو ادھیکاری کو چیلنج کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ وہ بھوانی پور کے ساتھ نندی گرام سے بھی انتخاب لڑیں گی۔

نندی گرام: وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج نندی گرام میں پارٹی چھوڑ کر بی جی پی میں شامل ہونے والے شوبھندو ادھیکاری کو چیلنج کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ بھوانی پور کے ساتھ نندی گرام سے بھی انتخاب لڑیں گی۔

2016 میں نندی گرام اسمبلی حلقہ سے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر شوبھندو ادھیکاری کامیاب ہوئے تھے اور اب وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔

ممتابنرجی نے نندی گرام کے ٹکھالی میں ایک بڑے عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نندی گرام میرے دل کے قریب ہے۔ میں اپنا نام بھول سکتی ہوں لیکن نندی گرام کو نہیں بھول سکتی۔ نندی گرام کے عوام کے ساتھ میرے جذباتی وابستگی کو دیکھتے ہوئے، آج میں اعلان کر رہی ہوں کہ میں نندی گرام سے آئندہ انتخاب لڑنا چاہتی ہوں۔

ریاستی صدر سبرتو بخشی سے ممتا بنرجی کی درخواست

میں اپنے ریاستی صدر سبرتو بخشی سے درخواست کرتی ہوں کہ 2021 کے ریاستی انتخابات میں نندی گرام سے امیدوار کے طور پر میرے نام پر غور کریں۔ میں اپنی بھوانی پور سیٹ کی طرف توجہ نہیں چھوڑوں گی۔ میں بھوانی پور کے عوام سے وعدہ کرتی ہوں کہ میں وہاں ایک اچھا امیدوار دوں گی۔

خیال رہے کہ نندی گرام اور سینگور میں بائیں محاذ کے حصول اراضی کے خلاف تحریک کی وجہ سے ہی ممتا بنرجی نے بائیں محاذ کے 34 سالہ دور اقتدار کا خاتمہ کرتے ہوئے2011 میں اقتدار میں آئی تھیں۔ ترنمول کانگریس ایک خاص حکمت عملی کے تحت نندی گرام سے ممتا بنرجی کو اتار کر ریاست کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ ممتا بنرجی اب بھی عوام کے ساتھ ہیں اور وہ بی جے پی کی سازشوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ چوں کہ یہ اس حلقے میں مسلم ووٹرس کی تعداد اچھی خاصی ہے تو ممتا بنرجی کو انتخاب جیتنے میں مشکلات نہیں پیش آئے گی۔

نندی گرام سیٹ پر 2009 میں پہلی مرتبہ ترنمول کی جیت

یہ حلقہ مغربی بنگال کے مشرقی مدنی پور ضلع میں واقع ہے۔ اس سیٹ پر 2009 میں ترنمول کانگریس نے پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی۔ فیروزہ بی بی کو ٹکٹ دیا گیا تھا۔ فیروزہ بی بی 2011 میں بھی یہاں سے کامیاب ہوئیں تھیں۔ مگر 2016 میں یہاں سے ترنمول کانگریس کے ہی ٹکٹ پر شوبھندو ادھیکاری کامیاب ہوئے۔

بنرجی کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے امیت مالویہ نے کہا، "ممتا بنرجی کا 10 سال میں پہلی مرتبہ بھوانی پور سے نندی گرام میں منتقل ہونے کے فیصلے سے، ان کی سیاسی گھبراہٹ ظاہر ہوتی ہے۔ کیا وہ وضاحت کریں گی کہ سی پی آئی ایم کے ذریعہ فائرنگ کے الزام میں آئی پی ایس ستیجیت بندو پادھیائے کو کیوں الزام عائد کیا گیا ہے؟ نندی گرام میں احتجاج کرنے والے کسانوں پر فائرنگ کرنے والے کو ترنمول کانگریس میں شامل کیوں کیا گیا؟ ”