امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی نے مسٹر بائیڈن کی حلف برداری تقریب کے دوران تشدد کی وارننگ جاری کی تھی، جس کے بعد خطے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
واشنگٹن: امریکہ کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے جو بائیڈن کی حلف برداری تقریب کے دوران کسی بھی قسم کا تشدد نہ کریں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسٹر ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے تشدد اور کسی بھی قسم کی کشیدگی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ قبل ازیں مسٹر ٹرمپ نے پیر کے روز مسٹر بائیڈن کی حلف برداری تقریب کو مدنظر رکھتے ہوئے واشنگٹن ڈی سی میں اسٹیٹ آف ایمرجنسی لگانے کا اعلان کیا تھا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی نے مسٹر بائیڈن کی حلف برداری تقریب کے دوران تشدد کی وارننگ جاری کی تھی، جس کے بعد خطے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ حلف برداری کی تقریب کے دوران احتیاط کے طور پر کئی ہزار پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا ’’احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر میں اپیل کرتا ہوں کہ کوئی بھی کسی قسم کا تشدد نہ کرے اور نہ ہی قانون کو توڑے۔ یہ وہ نہیں ہے جس کے لئے میں کھڑا ہوں اور نہ ہی یہ وہ ہے جس کے لئے امریکہ کھڑا ہے۔ میں تمام امریکیوں سے تناؤ کو کم کرنے اور امن برقرار رکھنے میں مدد کرنے کی اپیل کرتا ہوں‘‘۔