اظہرالدین نے 37 گیندوں پر سنچری بنا کر آئی پی ایل کے لئے اپنے دعوی کو کیا مضبوط 

کیرالہ کے اس بلے باز نے اپنی طوفانی اننگز سے تہلکہ مچا دیا ہے اور یہ اننگز انہوں نے ایسے وقت پر کھیلی ہے جب اب سے تقریباً ایک مہینے بعد آئی پی ایل کے 2021 سیشن کے لئے نیلامی ہونی ہے۔ 

ممبئی: کیرالہ کے سلامی بلے باز محمد اظہرالدین نے صرف37 گیندوں میں سید مشتاق علی ٹرافی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی تاریخ کی دوسری سب سے تیز سنچری بناکر آئی پی ایل کے اس سیشن میں جگہ بنانے کے لئے اپنی دعویداری مضبوط کرلی ہے۔ آئی پی ایل کے 2021 سیزن کے لئے 11 فروری کو نیلامی ہو گی۔ 

26 سالہ اظہرالدین نے بدھ کے روز وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ممبئی کی مضبوط ٹیم کے خلاف 54 گیندوں میں نو چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 137 رن کی طوفانی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو آٹھ وکٹ سے شاندار جیت دلائی۔ ممبئی نے 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 196 رنز بنائے جبکہ کیرالہ نے اظہرالدین کی جارحانہ اننگز سے 15.5 اوورز میں دو وکٹوں پر 201 رنز بناکریکطرفہ جیت حاصل کرلی۔

کیرالہ کے اس بلے باز نے اپنی طوفانی اننگز سے تہلکہ مچا دیا ہے اور یہ اننگز انہوں نے ایسے وقت پر کھیلی ہے جب اب سے تقریباً ایک مہینے بعد آئی پی ایل کے 2021 سیشن کے لئے نیلامی ہونی ہے۔ انہوں نے 37 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی اور کل 54 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناٹ آوٹ 137 رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں کل 11 چھکے اور 9 چوکے لگائے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 253.70 کا رہا.

کیرالہ کی طرف سے سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے

اظہرالدین سید مشتاق علی ٹرافی میں کیرالہ کی طرف سے سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں سب سے تیز دوسری سنچری مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ اس ٹورنامنٹ میں سب سے تیز سنچری بنانے کا ریکارڈ وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کے نام پر ہے جنہوں نے 32 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی تھی۔ اظہرالدین نے 37 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ ان کی اب تک کے ٹی ٹوئنٹی کیریر کی یہ سب سے بڑی اننگز رہی۔

ناٹ آؤٹ 132 رنز کی اننگز کھیلنے والے لوکیش راہل کو بھی چھوڑا پیچھے 

ہندوستان کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ شریس ایر کے نام پر ہے جنہوں نے 2019 میں سکم کے خلاف 147 رنز بنائے تھے۔ لیکن لوکیش راہل تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جنہوں 2020 میں آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ناٹ آوٹ 132 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس مقابلے میں ممبئی نے پہلے بلے بازی کی اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 196 رنز بنائے۔ ممبئی کے کپتان سوریا کمار یادو نے 38، یشاسوی جیسوال نے 40 اور آدتیہ تارے نے 42 رن کی شراکت کی۔ کیرالہ کی جانب سے جلج سکسینا اور کے ایم آصف نے تین ۔ تین، اور ندھیش نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس ٹورنامنٹ سے واپسی کرنے والے شانت کمار سری سنت نے 4 اوورز میں 47 رنز دیئے لیکن وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔

کیرالہ کے لئے سلامی بلے باز رابن اتھپا اور اظہرالدین نے پہلی وکٹ کیلئے 137 رنز کی شراکت کی۔ اتھپا 33 رن بناکر رن آؤٹ ہوئے اس کے بعد اظہر نے دوسری وکٹ کے لئے سنجو سیمسن کے ساتھ 61 رنز کی شراکت کی۔ سنجو 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد، اظہر آخر تک موجود رہے اور 137 رن بناتے ہوئے ٹیم کو جیت دلائی۔

کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن کا اظہرالدین کی عزت افزائی کا فیصلہ

اس درمیان کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے سی اے) نے 37 گیندوں پر سنچری بنانے والے اظہرالدین کی عزت افزائی کا فیصلہ کیا۔ کے سی اے نے اعلان کیا کہ اظہرالدین کو ان کے ہر رن کے لئے ایک ہزار روپئے یعنی اظہرالدین کو اپنی اس شاندار اننگز کے لئے ایک لاکھ 37 ہزار روپئے کا انعام دیا جائے گا۔