دہلی میں سی بی ایس ای بورڈ کے امتحانات اور پریکٹیکل کے پیش نظر 18 جنوری سے دسویں اور بارہویں کلاسوں کے لئے پریکٹیکل، پروجیکٹ اور کاؤنسلنگ وغیرہ کے لئے اسکول کھلیں گے۔ صرف والدین کی رضامندی سے ہی بچوں کو بلایا جاسکے گا۔ بچوں کو آنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔
نئی دہلی: دہلی حکومت نے بدھ کو سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے امتحانات اور دیگر پریکٹیکل کے پیش نظر 18 جنوری سے دسویں اور بارہویں کلاسوں کے لئے پریکٹیکل، پروجیکٹ، کاؤنسلنگ وغیرہ کے لئے اسکول کھولنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا۔ وزیر تعلیم منیش سسودیا نے آج ٹویٹ کرکے اس معاملے کی اطلاع دی۔
بچوں کو آنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا
مسٹر سسودیا نے بتایا "دہلی میں سی بی ایس ای بورڈ کے امتحانات اور پریکٹیکل کے پیش نظر 18 جنوری سے دسویں اور بارہویں کلاسوں کے لئے پریکٹیکل، پروجیکٹ اور کاؤنسلنگ وغیرہ کے لئے اسکول کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ صرف والدین کی رضامندی سے ہی بچوں کو بلایا جاسکے گا۔ بچوں کو آنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔‘‘
حکومت نے اس سلسلے میں ایک معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) بھی جاری کیا ہے جس پر تمام اسکولوں کو عمل کرنا ہوگا۔ آپ کو یہ ریکارڈ رکھنا ہوگا کہ کون سے بچے اسکول آرہے ہیں، لیکن یہ حاضری کے لئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
ایس او پی کے مطابق اسکول کے صحن میں کورونا سے متاثر کسی بھی بچہ یا ملازم کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دروازے پر تھرمل اسکریننگ لازمی ہوگی۔ اسکول کے داخلہ دروازوں، کلاس روم، لیبارٹری اور عوامی سہولیات والی جگہوں پر ہاتھوں کی صفائی کا انتظام لازمی ہے۔
کنٹینمنٹ زون سے باہر والے اسکول ہی کھلیں گے
کنٹینمنٹ زون سے باہر رہنے والے ہی اسکول کھلیں گے۔ اس کے علاوہ کنٹینمنٹ زون میں رہنے والا کوئی بھی شخص اسکول نہیں آسکے گا۔ کلاسوں اور لیبارٹریوں کا اس طرح بندوبست کرنا پڑے گا کہ کووڈ کی ہدایات کی خلاف ورزی نہ ہوسکے۔ ٹائم ٹیبل کے مطابق ملازمین کو بھی بلایا جاسکتا ہے۔
مسٹر سسودیا نے پہلے ہی کہا تھا کہ ویکسین آنے تک دارالحکومت میں اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔ مرکزی حکومت نے 3 جنوری کو کورونا وائرس کی دو ویکسینوں کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی ہے۔ اس کے بعد 6 جنوری کو وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت قومی دارالحکومت میں جلد اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے طریقوں پر غور کر رہی ہے۔
دہلی میں کورونا وبا کے پیش نظر پچھلے سال 16 مارچ کو کیجریوال حکومت نے تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس کے بعد دارالحکومت کے تمام اسکول بند ہیں۔ تاہم، اس دوران آن لائن کلاسیز چل رہی ہیں۔