مدھیہ پردیش کے 13 اضلاع میں کوؤں میں برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے۔ 9 جنوری تک ریاست کے 27 ضلعوں میں تقریباً 1100 کوؤں اور جنگلی پرندوں کی موت کی اطلاع حاصل ہوئی ہے۔
بھوپال: مدھیہ پردیش میں مویشی پروری کے محکمے نے 9 جنوری تک ریاست کے 13 ضلعوں میں کوؤں میں برڈ فلو ہونے کی تصدیق کی ہے۔
مویشی پروری کے محکمے سے موصول معلومات کے مطابق مدھیہ پردیش کے اندور، مندسور، آگرہ، نیمچ، دیواس، اجین، کھنڈوہ، کھرگون، گنا، شیوپوری، راج گڑھ، شاجا پور اور ویدیشا ضلعوں میں کوؤں میں برڈ فلو کی تصدیق ہوچکی ہے۔
9 جنوری تک ریاست کے 27 ضلعوں میں تقریباً 1100 کوؤں اور جنگلی پرندوں کی موت کی اطلاع حاصل ہوئی ہے۔ مختلف ضلعوں سے 32 نمونے نیشنل ہائی سیکیورٹی ڈیسیز ریسرچ لیب بھوپال کو جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔ مرغی پالنے والوں میں غیر ضروری شبہ کی حالت پیدا نہ ہو اس کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ سبھی ضلعوں میں بیماری کے کنٹرول کی کارروائی مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق جاری ہیں۔
ضلع آگرہ میں مرغی بازار کی دکانوں سے ٹیول اسویو کے ایک نمونے میں برڈ فلو وائرس پائے جانے کے بعد یہاں مرغی بازار کو احتیاط کے پیش نظر آئندہ سات روز کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرغیوں اور انڈوں وغیرہ کی حفاظت کی کارروائی ضلع انتظامیہ کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔ ضلع سیہور، بالاگھاٹ، دموہ، اجین، بیتول، بھنڈ سے نیشنل ہائی سیکیورٹی ڈیسیز ریسرچ لیب بھوپال کو جانچ کے لئے بھیجے گئے نمونوں میں برڈ فلو وائرس نہیں پایا گیا ہے۔