کانگریس 15 جنوری کو بطو ’کسانوں کا یوم حقوق‘ منائے گی

کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کسانوں کے تئیں کبھی کوئی حکومت اتنی بے دردی سے پیش نہیں آئی ہے۔ 

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کسانوں کے ساتھ بے رحمی سے پیش آکر ان کے حقوق کو کچل رہی ہے لہٰذا پارٹی 15 جنوری کو ’کسانوں کے یوم حقوق‘ کے طور پر منائے گی اور ریاستی ہیڈکوارٹر میں راج بھون کا محاصرہ کرے گی۔

کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی کارکنان 15 جنوری کو ’کسانوں کے یوم حقوق‘ کے بطور کسانوں کے مطالبے کی تکمیل کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے اور اس کے لیے ریاست اور ضلع سطح پر دھرنا اور مظاہرے کا پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنان ’کسانوں کے یوم حقوق‘ کے دوران ریلی اور دھرنا منعقد کرنے کے بعد تمام ریاستی ہیڈکوارٹر میں راج بھون کے لیے مارچ کریں گے اور پورے ملک میں راج بھون کا محاصرہ کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کسانوں کے تئیں کبھی کوئی حکومت اتنی بے دردی سے پیش نہیں آئی ہے۔ حکومت میٹنگ پہ میٹنگ کر کے کسانوں کو تھکانا چاہتی ہے لیکن کسان تھکنے کو تیار نہیں ہیں۔ وہ نہ جھکنے والے ہیں اور نہ ہی رکنے والے ہیں۔