شام میں بسوں اور ٹرکوں پر دہشت گردوں کا حملہ، 9 افراد ہلاک

شام میں اتوار کی رات تقریبا 9 بجکر 30 منٹ پر ایندھن والے ٹرکوں اور تین مسافر بسوں کے قافلے کو نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں 9 افراد ہلاک اور دیگر چار زخمی ہوگئے۔

بیروت: شام کے صوبہ حماہ کے سلمیہ شہر کے نزدیک دہشت گردوں نے تین مسافر بسوں اور ایندھن والے ٹرکوں کو نشانہ بنا کر حملہ کیا جس میں 9 افراد ہلاک اور دیگر چار زخمی ہوگئے۔ صوبہ حماہ کے گورنر محمد طارق کرشتی نے یہ اطلاع دی۔

شام کے روزنامہ الوطن نے فوجی ذرائع کے حوالے سے اتوار کے روز اپنی ایک رپورٹ میں اس حملے کی جانکاری دی تھی۔ ذرائع کے مطابق یہ حملہ سلمیہ الرقہ شاہراہ پر ہوا ہے۔

اس کے بعد وہاں تعینات شامی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین جھڑپ شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے شاہراہ کو بند کرنا پڑا۔

گورنر کرشتی نے شام کے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ اتوار کی رات تقریبا 9 بجکر 30 منٹ پر ایندھن والے ٹرکوں اور تین مسافر بسوں کے قافلے کو نشانہ بنا کر حملہ کیا گیا۔

حملے میں 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ جائے وقوعہ سے تمام افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو سلمیہ کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس حملے میں دہشت گردوں نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے ۔