کسانوں کی آواز مضبوط کرنے کے لیے این ایس یو آئی کارکنان کی سائیکل ریلی امرجوان جیوتی سے دہلی کے لئے روانہ ہوئی۔
جے پور: راجستھان میں نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے سیکڑوں کارکنان نے سائیکل ریلی کی شکل میں کسانوں کی حمایت میں آج دوپہر جے پور سے دہلی کوچ کیا۔
کسانوں کی آواز مضبوط کرنے کے لیے این ایس یو آئی کارکنان کی سائیکل ریلی امرجوان جیوتی سے دہلی کے لئے روانہ ہوئی۔ ریاستی کانگریس صدر اور وزیر تعلیم گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے ہری جھنڈی دکھاکر ریلی کو روانہ کیا۔
ریلی این ایس یو آئی کے قومی صدر نیرج کندن اور ریاستی صدر ابھیشیک چودھری کی قیادت میں دہلی روانہ ہوئی ہے۔ یہ ریلی دہلی کے راستے میں بہراڑ میں رکے گی اور اس کے بعد پھر دہلی کے لیے روانہ ہوجائے گی۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ ریلی 6 جنوری کو دہلی پہنچ کر کسان تحریک میں شامل ہوگی۔
اس موقع پر مسٹر ڈوٹاسرا نے کہا کہ آج چالیس روز سے کسان تحریک کررہے ہیں لیکن مرکزی حکومت ان کی بات نہیں سن رہی ہے۔ اس دوران چالیس سے زائد کسان خودکشی کرچکے ہیں۔
مسٹر ڈوٹاسرا نے مرکزی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جس کسان کے ووٹ سے اقتدار میں آئی حکومت آج ووٹ کی نہیں سن رہی ہے وہ انداتا کی نہ ہوکر پیسے داتا کی ہوگئی ہے۔
اس موقع پر وزیر ریونیو ہریش چودھری، وزیر تعلیم بھنور سنگھ بھاٹی، ٹرانسپورٹ منسٹر پرتاپ سنگھ کھاچریاواس اور وزیرکھیل اشوک چندنا بھی موجود تھے۔