تلنگانہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل داخل، اے پی میں بھی ایک معاملہ کا انکشاف

تلنگانہ میں نیا کورونا وائرس داخل ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ شخص، جو نئی شکل کے کورونا کا شکار ہوا ہے، دسمبر کے دوسرے ہفتے میں برطانیہ سے ورنگل پہنچا تھا اور 24 دسمبر کو اس کا معائنہ کیا گیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں نیا کورونا وائرس داخل ہوگیا ہے۔ سی سی ایم بی کے سائنسدانوں نے ورنگل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو برطانیہ میں شروع ہونے والے نئی شکل کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی نشاندہی کی ہے۔

محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بھی اس معاملے کی تصدیق کی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے اس کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یہ شخص، جو نئی شکل کے کورونا کا شکار ہوا ہے، دسمبر کے دوسرے ہفتے میں برطانیہ سے ورنگل پہنچا تھا اور 24 دسمبر کو اس کا معائنہ کیا گیا۔

کورونا مثبت ہونے کی وجہ سے جنین کے نمونے سی سی ایم بی کو بھیجے گئے تھے۔ سی سی ایم بی کے سائنس دانوں نے یہ انکشاف کیا کہ یہ شخص برطانیہ میں تیزی سے پھیلنے والے نئی شکل کے کورونا سے متاثر ہوا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس شخص کے نمونے پونے میں ویرولوجی لیب کو بھیجے گئے۔ اس کی ماں بھی کورونا سے متاثر ہوئی ہے تاہم یہ عام شکل کا وائرس ہے۔ سی سی ایم بی کے مطابق تلنگانہ کا ایک شخص اور اے پی کا ایک شخص اس کورونا کی نئی شکل سے متاثر ہوئے ہیں۔

متاثرین کے قریبی رشتہ دار بھی قرنطینہ میں

وزارت صحت کے مطابق، ان متاثرین کو متعلقہ حکومتوں کی جانب سے بنائے گئے نگہداشت صحت کے مراکز میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ان کے قریبی رشتہ داروں کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ساتھ ہی ان کے ساتھ سفر کرنے والے افراد کا بھی پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزارت نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور ریاستوں کو نگرانی میں اضافہ، وبا کی روک تھام، معائنے کروانے اور نمونے آئی این ایس اے سی او جی لیب کو بھیجنے کے معمول کے مشورے دیئے گئے ہیں۔

مزید اسے بھی پڑھیں:

کورونا وائرس کی نئی شکل دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی پھیلنے لگی