برطانیہ میں کورونا وائرس کی ایک نئی شکل کی تصدیق کی گئی ہے، جو ملک میں بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ وائرس کی یہ نئی شکل 70 فیصد زیادہ متعدی ہے۔
لندن: برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے پائے جانے کے بعد متعدد یوروپی ممالک میں بھی پہلے سے 70 فیصد زیادہ متعدی شمار کی جانے والی کورونا وائرس کی نئی شکل کی تصدیق ہوگئی ہے۔
یوروپ کے علاوہ کورونا وائرس کی نئی شکل جاپان اور کناڈا جیسے ممالک میں بھی پائی گئی ہے۔
برطانیہ کے سفر کے بعد اسپین، سوئٹزرلینڈ، سویڈن اور فرانس واپس لوٹنے والے بہت سارے مسافروں میں کورونا وائرس کی اس نئی شکل کے پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے، جس سے خدشات کافی بڑھ گئے ہیں۔
بی بی سی کی ایک خبر کے مطابق ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں جمعرات کے روز برطانیہ سے واپس آنے والے ایک شخص کے تین رشتہ داروں میں کورونا وائرس کی نئی شکل پائے جانے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
دریں اثناء، جاپان 29 دسمبر سے کورونا وائرس کی نئی شکل پھیلنے کے پیش نظر غیر ملکی شہریوں کے ملک میں داخل ہونے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
سوئٹزرلینڈ واحد ملک ہے جس نے کرسمس کے موقع پر غیر ملکی سیاحوں کے لئے اپنی سرحدیں کھول رکھی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بڑی تعداد میں برطانوی باشندے وہاں چھٹیاں منانے پہنچے ہيں۔
ڈنمارک، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈ اور آسٹریلیا میں لوگوں کو کورونا وائرس کی نئی شکل کی لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ برطانیہ میں کورونا وائرس (کووڈ ۔ 19) کی ایک نئی شکل دریافت کی گئی ہے، جو ملک میں بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کورونا وائرس کی یہ نئی شکل 70 فیصد زیادہ متعدی ہے۔
اسے بھی پڑھیں:
برطانیہ، جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل و صورت سے نائب صدر کو متعارف کرایا گیا