ڈاکٹر مشرا نے مسٹر نائیڈو کو بتایا کہ اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کی نئی شکل موجود ہے یا نہیں۔
حیدرآباد: سنٹر فار سیلولر اینڈ مالی کیولر بایولوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راکیش مشرا نے جمعرات کو یہاں نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کرکے انہیں حال ہی میں برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں ملے کورونا وائرس کی نئی شکل و صورت سے واقف کرایا۔
ڈاکٹر مشرا نے نائب صدر کو بتایا کہ کورونا وائرس کی نئی شکل سے ٹیکوں کے اثرات میں تبدیلی کا امکان کم ہے۔ اس کے علاوہ ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے جو بتاتا ہو کہ نئی شکل مریضوں کے لئے زیادہ نقصان دہ ہے حالانکہ وہ زیادہ متعدی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وائرس کی اس شکل سے بھی اسی طرح نپٹا جاسکتا ہے جس طرح اس کی پہلی شکل سے نپٹنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
نائب صدر نے سی سی ایم بی میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے ہندوستان میں ہونے والے اثرات اور وائرس کے مختلف پہلوؤں پر کئے جارہے کاموں کے بارے میں معلومات کی خواہش ظاہر کی تھی۔
یہاں جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق اس موقع پر سی سی ایم بی کے سینئر سائنسداں ڈاکٹر کے لکشمی راو بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر مشرا نے مسٹر نائیڈو کو بتایا کہ اس بات کی جانچ کی جا رہی ہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کی نئی شکل موجود ہے یا نہیں۔