مغربی بنگال میں مدھیامک اور ہائر سیکنڈری کے امتحانات جون میں ہوں گے: وزیر تعلیم

وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے آج اعلان کیا ہے کہ مغربی بنگال سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری امتحانات جون میں ہوں گے۔ امتحانات کے شیڈول 2021 میں جاری کئے جائیں گے۔

کلکتہ: مغربی بنگال کے وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے آج اعلان کیا ہے کہ مغربی بنگال بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (ڈبلیو بی بی ایس ای) مدھیامک (کلاس 10) اور ہائر سیکنڈری (کلاس 12) بورڈ کے امتحانات یکے بعد دیگرے جون میں منعقد ہوں گے۔

ریاستی وزیر نے کہا کہ مدھیامک پرکچھا اور ایچ ایس ای کونسل نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ بورڈ امتحانات جون میں منعقد کرائے جائیں۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ امتحان کا شیڈول 2021 میں جاری کیا جائے گا۔

گذشتہ روز مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نے ملک بھر کے متعدد اساتذہ سے بات چیت کے دوران اعلان کیا تھا کہ اگلے سال جنوری یا فروری میں سی بی ایس ای بورڈ کے کسی بھی امتحانات کا انعقاد نہیں کیا جائے گا کیونکہ ملک میں کووڈ 19 کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

تعلیمی سال 2020 کے چھٹی سے نویں جماعت کے طلباء کو بغیر امتحان کے ترقی

اس سے قبل مغربی بنگال بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے کورونا وائرس کی وجہ سے ڈبلیو بی بی ایس ای سے وابستہ اسکولوں میں بغیر کسی سالانہ امتحان کے 2020 کے تعلیمی سال کے لئے چھٹی سے نویں جماعت کے طلباء کو اگلی کلاس میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسکولوں کے دوبارہ کھولنے کی ممکنہ تاریخ کے بارے میں ریاستی حکومت کی طرف سے کوئی ہدایت سامنے نہیں آیا ہے۔ وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے پہلے کہا تھا کہ کووڈ 19 میں صورتحال بہتر ہونے کے بعد حکومت اس معاملے میں رائے لے گی۔

چٹرجی نے مزید کہا تھا کہ جیسے نصاب کمیٹی کی سفارش کی گئی ہے مدھیامک (کلاس 10) اور ہائر سیکنڈری (کلاس 12) نصاب کے 30 فیصد کو کم کیا جائے گا کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ سے ہی ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند ہیں۔