کشمیر کے ضلع کولگام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین تصادم کے بعد لشکر طیبہ کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں منگل کی علی الصبح سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین مختصر تصادم کے بعد لشکر طیبہ سے وابستہ ۲ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردوں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 34 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے ضلع کولگام کے ٹونگڈونو علاقے کو منگل کی علی الصبح محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اہل خانہ، جنہیں جائے تصادم پر طلب کیا گیا، کی طرف سے اپیلوں کے بعد دو دہشت گردوں نے سرنڈر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سرنڈر کرنے والے دہشت گردوں کا تعلق لشکر طیبہ نامی دہشت گرد تنظیم سے ہے۔
دریں اثنا کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کولگام میں مختصر تصادم کے بعد دو دہشت گردوں نے سرنڈر کیا اور یہ دونوں دہشت گرد پی ڈٰ پی لیڈر حاجی پرویز احمد کے ذاتی محافظ کے قتل میں ملوث تھے۔