سعودی عرب کی سرحدیں ایک ہفتے کے لئے بند، بین الااقوامی پروازیں معطل

برطانیہ میں کورونا وائرس پھیلنے کے تناظر میں، سعودی حکومت نے اپنی سرحدوں کو ایک ہفتے کے لئے بند کرنے اور بین الاقوامی پروازوں کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قاہرہ: مملکت سعودی عرب نے برطانیہ میں کورونا وائرس پھیلنے کے تناظر میں اپنی ملکی سرحدوں کو ایک ہفتے کے لئے بند کرکے بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے میڈیکل کے داخلی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پابندی کو مزید ایک ہفتہ کیلئے بڑھایا جاسکتا ہے۔

ایس پی اے کے مطابق وہ تمام افراد جو یوروپی ممالک کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک سے بھی سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں کورونا وائرس کی ایک نئی لہر چل رہی ہے، کو دو ہفتوں تک گھر پر آئسو لیشن میں رہنا پڑے گا۔ جن لوگوں نے گزشتہ تین مہینوں میں ان ممالک کا دورہ کیا ہے ان کو کورونا ٹسٹ سے گزرنا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے پیش نظر وہاں کی حکومت نے لندن سمیت ملک کے دیگر حصوں میں لاک ڈاؤن لگا دیا ہے جہاں کورونا وبا زیادہ پھیل رہی ہے۔ جس کی وجہ سے بہت سے ممالک نے اپنی سرحدیں بند کردی ہیں۔