کسانوں کے جاری احتجاج کی وجہ سے دہلی کی بہت سی سرحدیں اب بھی بند ہیں۔ اس کے پیش نظر دہلی پولیس نے آج ایک ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
نئی دہلی: مرکزی حکومت کے تینوں زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے جاری احتجاج کے پیش نظر دہلی پولیس نے پیر کے روز لوگوں کو پریشانیوں سے بچانے کے لئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
کسانوں کی نقل و حرکت کی وجہ سے دہلی کی بہت سی سرحدیں اب بھی بند ہیں۔ اس کے پیش نظر دہلی پولیس نے آج ایک ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کے مظاہرے کی وجہ سے سنگھو، اوچنڈی، پیاؤ منیاری اور منگیش بارڈر بند ہیں۔ پولیس نے لوگوں کو لام پور، صفیہ آباد سابولی اور سنگھو اسکول ٹول ٹیکس بارڈر استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ٹکری اور ڈھانسا بارڈر بھی کسی بھی طرح کی آمد و رفت کے لئے بند ہے۔ جھٹیکرا بارڈر پیدل چلنے والوں اور ٹووہیلرز کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ جھرودہ بارڈر کا ایک کیرج وے کھلا ہے۔ اس کے علاوہ، دورالہ، کاپسہیڑا، بدوسرائے، رجوکری این ایچ ۔8، بجواسان، پالمم وہار اور ڈنڈہیرہ بارڈر کھلے ہوئے ہیں۔
دہلی-نوئیڈا موڑ پر چلا بارڈر کا ایک کیرج وے بند ہے، تاہم دہلی سے نوئیڈا کا روٹ کھلا ہوا لیکن نوئیڈا سے دہلی جانے والے روٹ پر کسان ہیں۔ غازی آباد سے دہلی جانے والے راستے کسانوں کے مظاہرے کی وجہ سے بند ہیں۔
خیال رہے کسان تحریک کا آج 25 واں دن ہے۔