اترپردیش کے بلیا ضلع میں دو بچوں کے 15 سالہ پرانے اغوا کیس میں 6 مجرموں کو عمر قید اور دس دس ہزار روپے کے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
بلیا: اترپردیش میں بلیا ضلع کے اڈیشنل سیشن جج (اول) چندر بھان سنگھ نے دو بچوں کے اغوا کے 15 سال پرانے مقدمے میں چھ مجرموں کو عمر قید اور دس دس ہزار روپے کے جرمانے کی سزا سنائی۔
استغاثہ فریق کے مطابق ریوتی کی رہنے والی کنک پانڈے نے سات مارچ 2005 کو تھانے میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کے دو چچا زاد بھائی رتنیش اور شبھم کوچنگ جارہے تھے۔ راستے میں بائیک سوار بدمعاشوں نے ان کا اغوا کرلیا۔
پولیس نے اس معاملے میں گوپال نگر سے بچے کو برآمد کرتے ہوئے میر حسن اور پردیپ کو گرفتار کیا تھا۔ جانچ کے دوران پولیس نے اس معاملے میں چار اور ملزمین گوپال نگر کے اصغر، ریوتی کے منیر اور بہار صوبے کے سیوان ضلع کے رگھوناتھ پور علاقے کے نرہن کے رہنے والے ستیندر اور سرل کو بھی ملزم پاتے ہوئے عدالت میں سبھی کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔
اس مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے ہفتہ کو جج نے دونوں فریقوں کی دلیل سننے کے بعد سھبی چھ ملزمین کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید کے ساتھ ساتھ دس دس ہزار روپے کا جرمانہ لگایا۔