اترپردیش کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے لئے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خواتین اور مرد امیدوار 18 تا 22 دسمبر کے درمیان آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
پریاگ راج: اترپردیش کے سرکاری اسکولوں کے ٹیچروں کے لئے جاری ہدایات میں بیسک ایجوکیشن کونسل نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے خاتون ٹیچر کو 2 سال اور مرد ٹیچر کو 5 سال کی خدمات پوری کرنے کے بعد انہیں بین ضلعی تبادلہ کا فائدہ دیا جائے گا۔
بیسک ایجوکیشن کونسل کے سکریٹری پرتاپ سنگھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ خاتون ٹیچر جو شادی کے بعد تبادلے کا فائدہ لے چکی ہیں دوبارہ تبادلے کا فائدہ نہیں لے سکتی ہیں۔ خواتین اور مرد امیدوار 18 تا 22 دسمبر کے درمیان آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ درخواست فارم دینے کے بعد 22 تا 24 دسمبر کے درمیان ضلع سطح پر کاؤنسلنگ اور آن لائن تصدیق ہوگی۔ 26 دسمبر کو بی ایس اے کی جانب سے کاؤنسلنگ کے بعد ڈاٹا لاک کیا جائے گا۔
این آئی سی کی جانب سے درخواست فارم کی بنیاد پر 26 دسمبر کو فہرست تیار کی جائے گی۔ 29 دسمبر کو این آئی سی کی جانب سے تیار فہرست کا جائزہ لیا جائےگا اور 30 دسمبر کو تبادلے کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔
خیال رہے کہ جمعہ ہی سے تبادلے کے آن لائن درخواست دینے کے سلسلے کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس ضمن میں بیسک ایجوکیشن کونسل نے تبادلے کے لئے ضروری ہدایات جاری کی ہیں تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کے شکوک وشبہات نہ ہوں اور جو امیدوار اس کے اہل ہیں اور اپنا تبادلہ چاہتے ہیں وہ فارم پر کرسکیں۔