شوبھندو ادھیکار ی نے آج ترنمول کانگریس سے 21 سالہ رشتہ ختم کرتے ہوئے 9 ممبران اسمبلی کے ساتھ امت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ ترنمول کانگریس سے دوری بنانے کے بعد پہلی مرتبہ ممتا بنرجی کے خلاف جارحانہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ آپ پہلے نمبر پر نہیں ہوں گے۔ آپ دوسرے نمبر پر ہیں۔
کلکتہ: سابق ریاستی وزیر شوبھندو ادھیکار ی نے آج ترنمول کانگریس سے 21 سالہ رشتہ ختم کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں مدنی پور میں عوامی جلسے میں بی جے پی میں شامل ہوگئے۔
ترنمول کانگریس سے دوری بنانے کے بعد پہلی مرتبہ ممتا بنرجی کے خلاف جارحانہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ آپ پہلے نمبر پر نہیں ہوں گے۔ آپ دوسرے نمبر پر ہیں۔ شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ میری ماں گائتری دیوی ہے میں کبھی بھی ماں سے غدار نہیں ہوسکتا ہے۔ شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ امت شاہ ملک کے وزیر داخلہ ہیں۔ وہ میرے بڑے بھائی ہیں اور میں ان کا چھوٹا بھائی ہوں۔ امت شاہ نے جو وعدے کئے ہیں اس کو انہوں نے پورا کیا ہے۔
شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ میں نے بنگال کی ترقی کے لئے ترنمول کانگریس چھوڑا ہے۔ میں بنگال کی سرزمین کا قرض دار ہوں اور اس کو ادا کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔ گزشتہ دس سالوں میں بنگال میں ترقی روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عہدہ کی لالچ میں بی جے پی میں شامل نہیں ہوا ہوں۔ بطور کارکن بی جے پی میں کام کرتا رہوں گا۔ ایک ایک بوتھ پر جاؤں گا۔ میں پارٹی کا جھنڈا اور دیوار لکھنے کو تیار ہوں۔
امت شاہ کو باہری کہنے پر انہوں نے کہا کہ پہلے ہم ہندوستانی ہیں پھر بنگالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلکتہ اور دہلی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے ابھیشیک بنرجی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کو بھتیجا تباہ کردے گا۔
بی جے پی میں شامل ہونے والے ممبران اسمبلی
شوبھندو ادھیکاری کے ساتھ سنیل منڈل (ممبر پارلیمنٹ)، دسرتھ ترکے (سابق ممبر)، بنسری میتی (ایم ایل اے، نارتھ کانتی، مشرقی میدنا پور) ، تاپسی منڈل (ایم ایل اے، ہلدیہ، مشرقی میدنی پور)، اشوک ڈنڈا (ایم ایل اے، تملوک، مشرقی مدنی پور)، سددیپ مکھرجی (ایم ایل اے، پرولیا)، بسجیت کندو (ایم ایل اے، کالنا)، ساکت پنجا (ایم ایل اے، مشرقی بردوان)، شیلبھدرا دت (ممبر اسمبلی بارک پور، شمالی 24 پرگنہ)، دیپالی بسواس (ایم ایل اے)، گزول ( مالدا)، سکرا منڈا (ایم ایل اے، نگرکاٹا، جلپائی گورڑی)، شیام پرساد مکھرجی (سابق وزیر) بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔