پرتاپ گڑھ میں بولیرو درخت سے ٹکرا گئی، ایک فوجی سمیت 5 افراد ہلاک

 

اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے کندھائی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب کانسٹیبل سنجیو یادو اور اس کے رشتہ دار منگنی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔ گھنے دھند کے سبب تیز رفتار بولیرو ایک درخت سے جا ٹکرائی۔ جس سے ایک فوجی سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

پرتاپ گڑھ: اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے کندھائی علاقے میں ایک تیز رفتار بولیرو درخت سے ٹکرائی جس سے ایک فوجی سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایسٹ) سریندر پرساد دویدی نے بتایا کہ یہ حادثہ اتوار کی رات پپری خالصہ گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب کانسٹیبل سنجیو یادو اور اس کے رشتہ دار منگنی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔ گھنے دھند کے سبب تیز رفتار بولیرو ایک درخت سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ سبھی ہلاک شدگان گاڑی میں پھنس گئے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے سنجیو سمیت پانچ افراد کو مردہ قرار دے دیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کوتوالی علاقے کھجورنی گاؤں کے رہائشی تھے، جو کانسٹیبل سنجیو یادو کی منگنی کے بعد پٹی علاقے سے واپس آ رہے تھے۔ سنجیو ضلع مئو میں تعینات تھا جو منگنی کے لئے چھٹی لے کر گھر آیا تھا۔
دویدی نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے دیگر چار افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔