پلوامہ میں بدھ کے روز محاصرہ اور تلاشی مہم کے دوران سلامتی دستوں کے ساتھ ہوئے مڈبھیڑ میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ جائے مڈ بھیڑ سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بدھ کے روز محاصرہ اور تلاشی مہم کے دوران سلامتی دستوں کے ساتھ ہوئے مڈبھیڑ میں تین دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ایک شہری زخمی ہو گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر نیشنل رائفلس، سینٹرل ریرزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل ٹاسک فورس نے ٹیکین گاؤں میں صبح کے وقت مہم شروع کی۔
سلامتی فورس کے جوان گاؤں میں ایک متعینہ (ہدف) علاقے کی جانب بڑھ رہے تھے، اسی وقت وہاں چھپے دہشتگردوں نے ہتھیاروں سے اندھا دھند گولی باری شروع کر دی۔ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کاروائی میں گولیاں چلائیں۔ دونوں کے مابین مڈبھیڑ کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گولی لگنے سے ایک شہری صادق لون زخمی ہو گیا جسے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائے مڈ بھیڑ سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ آخری رپورٹ ملنے تک مڈبھیڑ جاری تھی۔
اس دوران کسی طرح کی افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطاً انتظامیہ نے پلوامہ میں انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔ لاء اینڈ آرڈر (امن عامہ) قائم رکھنے کے لیے اضافی سلامتی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔