سلی گوڑی احتجاج: پولیس کے بجائے بی جے پی کے لوگوں نے اپنے ہی ورکر ایلن رائے کو ماری گولی: سبرتو مکھرجی

 

سینئر ریاستی وزیر سبرتو مکھرجی نے کہا کہ ایلن رائے کو بی جے پی ورکروں نے ہی گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔ بی جے پی اقتدار کے لالچ میں پاگل ہوگئی ہے۔ مغربی بنگال کی طاقت دہلی کی طاقت سے زیادہ ہے۔ وہ لاپرواہ ہوگئے ہیں۔

کلکتہ: سلی گوڑی میں احتجاج کرنے والوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں بی جے پی ورکر ایلن رائے کی موت پر سیاست تیز ہوگئی ہے۔ سینئر ریاستی وزیر سبرتو مکھرجی نے کہا کہ رائے کو بی جے پی ورکروں نے ہی گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔ در اصل آج مغربی بنگال پولیس نے ٹویٹ کرکے دعویٰ کیا ہے کہ ایلن رائے کو شاٹگن سے گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے اور یہ بندوقیں ریاستی پولیس استعمال نہیں کرتی ہیں۔ 

ایلن رائے کی موت پولیس فائرنگ سے نہیں

اس کے بعد ہی پریس کانفرنس کرکے سبرتو مکھرجی نے کہا کہ بی جے پی ہنگامہ آرائی کے ذریعہ ریاست میں مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران ایلن رائے کی جو موت ہوئی ہے وہ پولیس کی فائرنگ سے نہیں ہوئی ہے۔ حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کی ہے۔ پولیس نے گولی نہیں چلائی ہے۔ آج ہمیں پولیس سے جو رپورٹ موصول ہوئی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، اس شخص کی موت گولیوں کے زخموں سے ہوئی ہے۔ اور پولیس شاٹ گن کا استعمال نہیں کرتی ہے۔

سبرتو مکھرجی نے دعوی کیا کہ شمالی بنگال میں واقع ریاستی سیکریٹریٹ اترکنیا میں احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے کچھ لوگوں نے چلائی اور اس کا مقصد پولیس کو خوف وہراس کرنا تھا۔ جھڑپ میں زخمی ہونے والے ایلن رائے کو بعد میں شاٹ گن نے ہلاک کردیا تھا۔ کسی کو بھی اس طرح کی بندوق سے ہلاک نہیں کیا جاتا جب تک کہ قریب فاصلے پر متعدد گولیاں نہ چلائی گئیں۔

 

بی جے پی اقتدار کے لالچ میں پاگل

سبرتو مکھرجی نے کہا کہ سی پی ایم نے اس سے پہلے موت کے بارے میں سیاست کی تھی۔ لیکن عام طور پر کوئی دائیں بازو کی سیاسی جماعت ایسا نہیں کرتی ہے۔ لیکن آج میں نے دیکھا کہ بی جے پی اقتدار کے لالچ میں پاگل ہوگئی ہے۔ مغربی بنگال کی طاقت دہلی کی طاقت سے زیادہ ہے۔ وہ لاپرواہ ہوگئے ہیں۔

دریں اثنا، سبرتو مکھرجی نے کہا کہ پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کے پاس شاٹگن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کی بھی موت سے دکھ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد پولیس کو فائرنگ پر اکسانا تھ۔ لیکن اکسانے کی ہزار کوشش کے باوجود پولیس نے کوئی فائرنگ نہیں کی۔لاٹھی چارج کرنے کے علاوہ پولیس نے کوئی فائرنگ نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے صبر سےکام لیا۔ پولیس پر لاٹھی اور ڈنڈے برسائے گئے مگر پولیس نے آتشیں اسلحہ استعمال نہیں کیا۔ 

بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری سیانتان باسو نے دعویٰ کیا کہ رپورٹ سے ہمارے الزامات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پولیس آتشیں اسلحہ استعمال کررہی تھی اور انہوں نے ایلن کو گولی مار دی۔ ہمارے خلاف الزامات مضحکہ خیز ہیں۔ کیونکہ پولیس کی راہداری کی طرف جاتے ہوئے ایلن کو سینے میں گولی لگی تھی۔ اگر جلوس میں شامل کسی نے اسے گولی ماری ہوتی تو اسے پیٹھ میں گولی ماری جاتی۔