"اپنی جوتی پہ رکھتا ہوں ان کے حب الوطنی کے سرٹیفیکٹ کو”: بیرسٹر اسد الدین اویسی

جن کو پاکستان جانا تھا وہ چلے گئے، ہمیں تو بھارت سے مطلب تھا، ہے اور رہے گا۔ بی جے پی نیشنلزم اور کانگریس سیکولرزم کا سرٹیفیکٹ دینے میں مصروف: اویسی

نئی دہلی: مجلس اتحاد المسلمین کے صدر جناب بیرسٹر اسد الدین اویسی نے ایک پرائیوٹ ٹیلی ویژن چینل میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان جناب سدھانشو تریویدی کے ساتھ ایک مباحثے کے دوران کہا کہ جن کو پاکستان سے مطلب تھا وہ پاکستان چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ "جن کو جانا تھا وہ بھاگ گئے پاکستان، ہم کو بھارت سے ہمیشہ مطلب تھا۔ اور یاد رکھئے جتنے بھارت میں قبرستان ہیں، کبھی جائے ان قبرستانوں میں وہ ہماری وفاداری کی نشانی ہے۔ ہمارے بزرگ آج بھی وہاں سینہ تان کر سو رہے ہیں۔ اور میں کبھی بھی کسی کے سامنے اپنی وفاداری کو ثابت نہیں کروں گا۔

جناب اویسی نے مزید کہا کہ "بھاڑ میں جاؤ، جو کرنا ہے کرلو آپ۔ میں بھارت کا تھا، بھارت کا رہوں گا۔ مجھے کسی کی سرٹیفیکٹ کی ضرورت نہیں ہے۔”

بی جے پی نیشنلزم کا سرٹیفیکٹ، کانگریس سیکولرزم کا

انہوں نے پرجوش انداز میں کہا کہ "یہ کب تک چلے گا؟ کیا آپ دکان کھول کر بیٹھے ہیں، کہ آپ نیشنلزم کا سرٹیفیکٹ دیں اور کانگریس سیکولرزم کا سرٹیفیکٹ دے۔ اسد الدین اویسی نے کافی تلخ انداز میں مشورہ دیا کہ ایسی دکان نہ چلائیں بلکہ ملک چلانے میں محنت صرف کریں۔

اس ضمن میں انہوں نے دہلی ہریانہ سرحد پر زرعی قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے کساںوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ "دہلی کے باہر کسان سردی میں تڑپ رہے ہیں۔۔۔ آپ لوگوں کی ہمت نہیں ہے کسانوں کے مسائل حل کرنے کی۔”

اویسی نے کہا کہ مرکزی حکومت ایک طرف کسانوں کو برباد کرنا چاہتی ہے اور دوسرے طرف ہمیں حب الوطنی ثابت کرنے کہہ رہی ہے۔

مجلس نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل پر مباحثے کی اس کلپ کو شیئر کرتے ہوئے ” اپنی جوتی پہ رکھتا ہوں ان کے حب الوطنی کے سرٹیفیکٹ کو” کی سرخی بھی لگائی ہے۔

[ہمس لائیو]