دنیا کی پہلی کورونا ویکسین کے عام استعمال کی برطانیہ نے دی اجازت، اگلے ہفتے سے ٹیکے لگانے کا آغاز

برطانوی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت نے انگلینڈ کے ہسپتالوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ آئندہ ہفتے سے کورونا ویکسین کو سب سے پہلے طبی رضاکاروں پر استعمال شروع کر دیا جائے۔

لندن: برطانیہ نے کورونا کی امریکہ کی فائزر اور جرمنی کی بائیو این ٹیک کمپنیوں کے ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی۔ ان ویکسینوں کو ہنگامی بنیادوں پر استعمال کرنے کے ساتھ ہی عام استعمال کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

اس طرح برطانیہ دنیا کا پہلی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دینے والا ملک بن گیا۔ جلد ہی وہاں اس ویکسین کا عام استعمال بھی شروع ہو جائے گا۔

ادویہ ساز کمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک نے گزشتہ ماہ 10 نومبر کو دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تیار کردہ ویکسین بیماری سے تحفظ کے لیے 90 فیصد سے زیادہ مؤثر ہیں۔

برطانوی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت نے انگلینڈ کے ہسپتالوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ آئندہ ہفتے سے کورونا ویکسین کو سب سے پہلے طبی رضاکاروں پر استعمال شروع کر دیا جائے۔

برطانوی حکومت نے پہلے ہی مذکورہ کمپنی کو 4 کروڑ ویکسینز کا آرڈر دے رکھا ہے جو 2 کروڑ افراد کو لگائی جائیں گی۔

ہر ایک آدمی کو مذکورہ ویکسین کے دو ڈوز دیئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر میڈیکل اسٹاف اور اولڈ ہومز میں رہنے والے عمر رسیدہ لوگوں کو ویکسین کے ڈوز لگائے جائیں گے۔

برطانیہ کے بعد امید کی جاتی ہے کہ جلد ہی یورپی یونین اور امریکہ میں بھی ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی جائے گی جس کے بعد ممکنہ طور پر اس ویکسین کے استعمال کی اجازت کچھ ایشیائی ممالک بھی دیں گے۔