سنجے کمار نے مجلس کے دفتر دارالسلام کو دو گھنٹے میں بی جے پی کارکنوں کے ساتھ منہدم کردینے کی دھمکی دی تھی اور اکبرالدین اویسی نے ٹینک بنڈپر واقع سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی سمادھی اور این ٹی آر گھاٹ کو منہدم کرنے کا مطالبہ کیا تھا
حیدرآباد: حیدرآباد سٹی پولیس نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے اور تلنگانہ اسمبلی میں مجلس کے فلورلیڈر اکبرالدین اویسی کے خلاف معاملات درج کئے ہیں۔
یہ معاملات،ان دونوں کی تقاریر پر درج کئے گئے۔ اشتعال انگیز بیان دینے پر ایس آر نگر پولیس نے آئی پی ایس کے سیکشن 505 کے تحت معاملہ درج کرلیا ہے۔ ایرہ گڈا ڈویژن کے روڈ شو میں شریک سنجے کمار نے مجلس کے دفتر دارالسلام کو دو گھنٹے میں بی جے پی کارکنوں کے ساتھ منہدم کردینے کی دھمکی دی تھی اور انہوں نے پرانا شہر میں سرجیکل اسٹرائیک کرنے کا بھی متنازعہ بیان دیا تھا۔
اسی طرح، اکبرالدین اویسی نے غیر مجاز قبضوں کو برخواست کرنے کے لئے پہلے ٹینک بنڈپر واقع سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی سمادھی اور این ٹی آر گھاٹ کو منہدم کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے اشتعال انگیز بیان قرار دیتے ہوئے پولیس نے ازخود کاروائی کے تحت دونوں لیڈروں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔