شوبھندو ادھیکاری نے پارٹی نہیں چھوڑی ہے، انہیں منانے کی کوششیں جاری رہیں گی: سوگت رائے

شوبھندو ادھیکاری نے آج وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ سوگت رائے نے کہا کہ وزارت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ ان کا ذاتی قدم ہے۔ میں ان سے بات کروں گا اور انہیں پارٹی نہ چھوڑنے کی اپیل کروں گا۔

کلکتہ: ترنمول کانگریس کے سینئر ممبر پارلیمنٹ سوگت رائے نے کہا کہ گرچہ نندی گرام سے ممبر پارلیمنٹ شوبھندو ادھیکاری وزارت سے استعفیٰ دیدیا ہے تاہم انہوں نے پارٹی نہیں چھوڑی ہے۔ انہیں منانے کی کوشش جاری رہے گی اور امید ہے کہ وہ پارٹی چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔

خیال رہے کہ آج شوبھندو ادھیکاری نے وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ ای میل کے ذریعہ گورنر کو بھیجا جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر ریاست کے عوام کی خدمت کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔

سوگت رائے نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک ممبر اسمبلی کے عہدے سے استعفی نہیں دیا ہے۔ اور پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے بھی استعفیٰ نہیں دیا۔ جب تک وہ ایم ایل اے ہیں، وہ پارٹی کے ممبر ہیں۔ وزارت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ ان کا ذاتی قدم ہے۔ میں ان سے بات کروں گا اور انہیں پارٹی نہیں چھوڑنے کی اپیل کروں گا۔ انہوں نے جمعرات کو ہوگلی ریور برج کمیشن (ایچ آر بی سی) کے چیئرمین کے عہدے سے استعفی دے دیا۔ کلیان بینرجی کو اس جگہ پر نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

سوگت رائے کی شوبھندو ادھیکاری کو منانے کی ذمہ داری

سوگت رائے کو پارٹی نے شوبھندو ادھیکاری سے بات چیت کرنے اور انہیں منانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ رائے نے ان سے ملاقات کر کے ان کی ناراضگی کے وجوہات کو جاننے کی کوشش کی۔ اطلاعات کے مطابق شوبھندو ادھیکاری میں پارٹی میں اپنے پرانے عہدے کو بحال کرنا چاہتے تھے۔ وہ کئی اضلاع کے انچارج تھے۔

اس درمیان شوبھندو ادھیکاری نے ذاتی طور پر مشرقی مدنی پور اور دیگر اضلاع میں پروگرام کرتے رہے اور اشاروں میں پارٹی قیادت کے تئیں ناراضگی ظاہر کرتے رہے۔ ایک طرف جہاں کلیان بنرجی نے شوبھندو ادھیکاری کے خلاف مورچہ کھلا تو دوسری طرف ترنمول کانگریس کے کئی ممبران پارلیمنٹ ادھیکاری کو منانے اور نرم رویہ اختیار کیا جاتا رہا۔ شوبھندو ادھیکاری نے وزارت چھوڑنے کے بعد ہلدیہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔