مزدوروں-کسانوں کی ملک گیر ہڑتال کامیاب: سی پی آئی

ہزاروں کسان مزدور’گرامین بھارت بند‘ کا نعرہ لے کر اپنے مطالبات کی حمایت میں اترے۔ بینک، ایل آئی سی جنرل انشورنس، کوئلہ کان، متعدد ریاستوں کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں مکمل بندی رہی۔

نئی دہلی: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے سینئر لیڈر و اکھل بھارتیہ کسان مہاسبھا کے جنرل سکریٹری اتل کمار انجان نے مزدوروں اور کسانوں کی ملک گیر ہڑتال کو کامیاب قرار دیتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ہڑتال کے سبب پبلک سیکٹر کے ادارے اور دیہی بازار 80 فیصد بند رہے۔

جناب انجان نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ ملک کے بینک، ایل آئی سی جنرل انشورنس، کوئلہ کان، متعدد ریاستوں کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں مکمل بندی رہی اور ہزاروں کسان مزدور’گرامین بھارت بند‘ کا نعرہ لے کر اپنے مطالبات کی حمایت میں اترے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی معاشی پالیسیاں، بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور حال ہی میں پارلیمنٹ میں پاس کئے گئے مزدور و کسان مخالف قوانین کے خلاف ملک کی ٹریڈ یونیوں اور کسان تنظیموں نے مل کر ملک گیر ہڑتال اور گرامین بھارت بند کا انعقاد کیا۔ اس سے ملک میں معاشرتی اور معاشی زندگی رک سی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ 27 نومبر کو کسانوں کے ’’دہلی چلو‘‘ کی اپیل کے تحت دہلی کو چاروں جانب سے مرکزی حکومت نے پولیس کے ذریعہ سے گھیر لیا اور لاکھوں کی تعداد میں آرہے پنجاب، ہریانہ، اترپردیش، اتراکھنڈ اور جنوب کی ریاستوں کے کسانوں کا داخلہ دارالحکومت میں تقریباً روک دیا۔