2021 کا حج کورونا کی وجہ سے الگ ہی صورتحال میں ہوگا، جس سے حج کے اخراجات میں اضافہ ہوگا۔ بھارت سے حاجیوں کا پہلا قافلہ 26 جون کو جبکہ آخری قافلہ 13 جولائی کو سعودی عرب روانہ ہونے کی توقع ہے۔
عازمین حج کا روانگی سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ
جناب نقوی نے کہا کہ عازمین حج کا سفر پر روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سے قبل کورونا ختم ہوا ہوگا۔
موصوف وزیر نے کہا کہ ہمارا سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ساتھ ماہ دسمبر میں دو طرفہ معاہدہ طے ہونے والا ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ ہمیں کتنا کوٹا مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر حاجیوں کی عمر کی حد کو بھی 18 سے 65 برس تک محدود کر دیا گیا ہے۔
جناب نقوی نے کہا کہ محرم کے بغیر حج کرنے والی خواتین امسال بھی درخواست جمع کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے پیش نظر سعودی عرب جانے کے لئے پروازوں کے ایمبارکیشن پوائنٹس کو 21 سے گھٹا کر 10 کر دیا ہے تاہم ان دس پوائنٹس میں سری نگر شامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حج سال 2021 کے لئے بھارت سے حاجیوں کا پہلا قافلہ 26 جون کو جبکہ آخری قافلہ 13 جولائی کو سعودی عرب روانہ ہونے کی توقع ہے۔ حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ 14 اگست سے شروع ہونے کی امید ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے سال 2020 کا حج متاثر ہی رہا۔