ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ فرضی خبریں پھیلانے والے چینلز یہ نہیں بتا رہے ہیں کہ کووڈ – 19 کا خطرہ امریکہ میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس (کووڈ – 19) وبا کے حالات صرف امریکہ میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مسلسل خطرناک ہوتے جارہے ہیں۔
مسٹر ٹرمپ نے ہفتے کو ٹویٹ کرکے کہا، ’’فرضی خبریں پھیلانے والے چینل یہ نہیں بتا رہے ہیں کہ کووڈ – 19 کا خطرہ امریکہ میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مسلسل بڑھتا جارہا ہے۔ میں نے آج صبح جی – 20 گروپ ملکوں کی میٹنگ میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ حصہ لیا۔ میٹنگ میں کورونا کی وبا پر بنیادی طورپر بحث کی گئی۔ ہم اپنی ویکسین کی مدد سے جلد ہی کورونا سے نجات پا لیں گے۔‘‘
امریکی صدر نے کہا کہ کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر مسلسل اس وائرس کے سلسلے میں معلومات جمع کر رہے ہیں۔ علاج کے طور طریقوں کے بہتر ہونے سے اب کم لوگوں کی موت ہورہی ہے۔
نومنتخب صدر جو بائیڈن پر ٹرمپ کی تنقید
انہوں نے نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تنقید کرتے ہوئے ایک دیگر ٹویٹ میں کہا، ’’جو بائیڈن ایچ 1 این 1 سوائن فلو کو روکنے میں پوری طرح سے ناکام رہے تھے۔ مسٹر بائیڈن ویکسین کے طے مدت میں بنانے کے عمل کے محاذ پر بھی ناکام رہے تھے۔ کیا یہ بات سبھی لوگ جانتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ امریکہ کے صدر خود بھی کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اس ہفتے کی شروعات میں مسٹر ٹرمپ کے بڑے بیٹے بھی کورونا انفیکشن سے متاثر ہوگئے ہیں۔
امریکہ میں یہ وبا خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے۔ اب تک 1.20 کروڑ سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ کے مرکز (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری کئے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 2,55,804 پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 1,20,85,389 ہوگئی ہے۔