گڈ گورننس کی حقیقت چھپانے کے لیے زندہ جلانے کے معاملے کو دبا دیا گیا: راہل

راہل گاندھی نے بہار کے حاجی پور ڈیٹ لائن سے چھپی ایک خبر کو ٹوئٹر پر پوسٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کا ماحول خراب نہ ہو اس لیے پولیس نے لڑکی کو زندہ جلانے کا معاملہ دبا دیا۔

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بہار کے ضلع ویشالی میں لڑکی کو زندہ جلانے کا معاملہ پس پشت ڈالنے کے سلسلے میں حکومت کو سخت ہدف تنقید بنایا۔ منگل کے روز انہوں نے کہا کہ انتخابی مفادات کے لیے ’گڈ گورننس‘ کی نقلی بنیاد کھسکنے سے بچانے کے لیے غیر انسانی اقدام زیادہ بڑا جرم اور خطرناک روش ہے۔

مسٹر گاندھی نے کہا یہ واقعہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران ہوا تھا اور ریاستی حکومت نے ’گڈ گورننس‘ کی اپنی جھوٹی تشہیر پر پردہ ڈالنے اور ووٹرز کو گمراہ کرنے کے لیے خطرناک قدم اٹھایا ہے۔

مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا، ’کس کا جرم زیادہ خطرناک ہے۔ جس نے یہ غیر انسانی فعل کیا یا جس نے انتخابی فائدے کے لیے اسے چھپایا تاکہ اس ’کُشاسن‘ (بد حکمرانی) پر اپنے جھوٹے ’سُشاسن‘ (بہتر حکمرانی) کی بنیاد رکھ سکے؟‘

کانگریس کے رہنما نے اس ٹویٹ کے ساتھ بہار کے حاجی پور ڈیٹ لائن سے چھپی ایک خبر کو پوسٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کا ماحول خراب نہ ہو لہٰذا پولیس نے لڑکی کو زندہ جلانے کا معاملہ دبا دیا۔