انجیلا مارکل نے کہا کہ جرمنی میں احتیاطی تدابیر نے کورونا کی دھماکہ خیز صورتحال کو روکا ہے۔ ہمیں ابھی بھی لمبا راستہ طے کرنا ہے۔ ملک میں دو نومبر سے مہینے کے آخر تک خفیف لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
برلن: جرمنی کی چانسلر انجیلا مارکل نے کہا کہ ملک میں احتیاطی تدابیر کے نفاذ سے کورونا وائرس ’کووِڈ – 19‘ کی دھماکہ خیز صورتحال کو روکنے میں مدد ملی ہے اور افسران آئندہ ہفتے کی کاروائی کا فیصلہ کریں گے۔
محترمہ مارکل نے پیر کے روز جرمن خطوں کے سربراہوں کے ساتھ ملک میں پھیلی کووِڈ – 19 وبا کی صورتحال پر مذاکرہ کیا۔ اس دوران سخت تدابیر کے لیے عام اتفاق رائے نہ ہو سکا لیکن رابطوں کو محدود کرنے کے لیے شہریوں پر سختی کرنے کی سفارشات کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ عبوری جائزہ کے لیے یہ ایک اچھا فیصلہ ہے، ہم آئندہ میٹنگ میں طویل مدتی حل پر گفتگو کریں گے۔
میٹنگ کے بعد محترمہ مارکل نے صحافیوں سے کہا، ’ہمیں ابھی بھی لمبا راستہ طے کرنا ہے لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ ہم نے دھماکہ خیز اضافے کو روک دیا اور اس سے ہم سبھی خوش ہیں‘۔
قابل ذکر ہے کہ جرمنی میں دو نومبر سے مہینے کے آخر تک خفیف لاک ڈاؤن نافذ ہے۔