نتیش کمار نے گورنر پھاگو چوہان کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کر کے لوٹنے کے بعد کہا کہ گورنر نے انہیں حکومت سازی کی پیش کش کی ہے۔ کل شام 4.00 سے 4.30 بجے کے درمیان گورنر ہاﺅس میں وہ وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
پٹنہ: قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) قانون ساز پارٹی کے نومنتخب لیڈر مسٹر نتیش کمار کل ساتویں مرتبہ بہار کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
مسٹر کمار نے گورنر پھاگو چوہان کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کر کے لوٹنے کے بعد یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر انہیں منتخب کئے جانے کی جانکاری انہوں نے گورنر کو دی۔ گورنر نے انہیں حکومت سازی کی پیش کش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل شام 4.00 سے 4.30 بجے کے درمیان گورنر ہاﺅس میں وہ وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیں گے۔
این ڈی اے لیڈر نے کہا کہ کل ان کے ساتھ کچھ وزیر بھی حلف لیں گے۔ ان کی فہرست آج ہی یا کل صبح گورنر ہاﺅس بھیج دی جائے گی۔ ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا کل کابینہ کی حلف میں سبھی حلیف جماعتوں کو نمائندگی دی جائے گی اس پر انہوں نے کہا کہ چاروں جماعتوں کے لیڈران میٹنگ کر کے اس پر فیصلہ لیں گے۔
حلف تقریب کے بعد نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلانے کیلئے ہوگی میٹنگ
مسٹر کمار نے کہا کہ کل حلف تقریب کے بعد کابینہ کی میٹنگ ہوگی اور اس میں اسمبلی اجلاس کے متعلق فیصلہ لیا جائے گا تاکہ نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلائی جاسکے۔
این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے لیڈر مسٹر کمار نے نائب وزیراعلیٰ کے متعلق پوچھے جانے پر کہا کہ اس کے بارے میں جلد ہی آپ کو پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پھر سے کام کرنے کا موقع دیا ہے۔ اچھے طریقے سے کام کرنا پڑے گا۔ نئی حکومت میں کہیں کوئی کمی نہیں رہے اس کی ہم لوگ کوشش کریں گے۔
مسٹر نتیش کمار کے گورنر ہاﺅس سے لوٹنے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی بھی گورنر پھاگو چوہان سے ملاقات کر کے لوٹے۔ مسٹر راج ناتھ سنگھ سے بھی جب نائب وزیراعلیٰ کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کوئی بھی نام بتانے سے انکار کیا۔ ان سے جب نامہ نگاروں نے دوبارہ پوچھا کہ کیا مسٹر سشیل کمار مودی ہی پھر سے نائب وزیراعلیٰ ہوں گے تب انہوں نے کہا کہ جب اس پر فیصلہ ہوگا تو پتہ چل جائے گا۔