دریائے جہلم کے کناروں پر واقع تاریخی پتھر مسجد کو مغل بادشاہ جہانگیر کی شریک حیات نور جہاں نے سال 1623 میں تعمیر کروایا تھا۔ اس مسجد کے نو محراب ہیں جن میں مرکزی محراب سب سے بڑا ہے۔
سری نگر: سری نگر کے زینہ کدل علاقے میں واقع تاریخی پتھر مسجد کو دوران شب آگ کی ایک واردات میں جزوی نقصان پہنچا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پتھر مسجد میں دوران شب آگ نمودار ہوئی جس سے مسجد کا منبر مکمل طور پر خاکستر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ مسجد پتھروں کی بنی ہوئی ہے لہٰذا آگ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فائرٹینڈرس، پولیس اور مقامی لوگوں کی کوششوں کے نتیجے میں آگ پر جلد ہی قابو پالیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ ہونے سے لگی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ پائین شہر کے زینہ کدل میں دریائے جہلم کے کناروں پر واقع تاریخی پتھر مسجد کو مغل بادشاہ جہانگیر کی شریک حیات نور جہاں نے سال 1623 میں تعمیر کروایا تھا۔
اس مسجد کی تعمیر وادی کی دیگر مساجد کی تعمیر سے بالکل منفرد ہے۔ روایتی چھت کے برعکس اس کا چھت ڈھلوان ہے۔ اس مسجد کے نو محراب ہیں جن میں مرکزی محراب سب سے بڑا ہے۔