پلوامہ میں مسلح تصادم میں اب تک ایک عدم شناخت دہشت گرد اور ایک عام شہری مارا گیا ہے۔ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پانپور میں جاری تصادم میں ایک عدم شناخت دہشتگرد مارا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تصادم کی جگہ پر جمعرات کی شام زخمی ہونے والے دو عام شہریوں میں سے ایک سری نگر کے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔ انہوں نے مہلوک شہری کی شناخت عابد نبی کے طور پر ظاہر کی ہے۔
ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس، فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے جب جمعرات کی شام میج پانپور میں ایک مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لیا تو وہاں موجود دہشتگردوں نے ان کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی اور گرینیڈ داغے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے میں دو عام شہری زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان میں سے جہاں عابد نبی نامی شہری کی جمعہ کی صبح ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں موت واقع ہوئی وہیں کفایت احمد سری نگر کے برزلہ علاقے میں قائم ہڈیوں و جوڑوں کے ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردوں کی ابتدائی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں اب تک ایک عدم شناخت دہشتگرد مارا گیا ہے۔