ہم جیت رہے ہیں: جوبائیڈن، ہم جیت چکے: ٹرمپ

امریکی نیٹ ورکس کے مطابق ڈیموکریٹ نے ایوان نمائندگان میں اکثریت برقرار رکھی ہے، جوبائیڈن نے 238 جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 213 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے ہیں۔

واشنگٹن: ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے جہاں امریکی عوام سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ فتح کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا ہے۔

صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج آنے سے پہلے جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ان کے حامی یقین رکھیں وہ کامیابی کے راستے پر ہیں۔ دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اپنے ایک خطاب میں کہا ہے کہ اپنے طور پر وہ الیکشن جیت چکے ہیں اور انہیں ایک شاندار فتح حاصل ہوئی ہے۔

جوبائیڈن نے کہا ہے کہ الیکشن کون جیتے گا یہ میرا یا ٹرمپ کا فیصلہ نہیں بلکہ عوام کا فیصلہ ہوگا۔ ویسے بعض ریاستوں کے نتائج ان کے حق میں توقع سے زیادہ اچھے رہے۔ اس لئے جن لوگوں نے بھی ڈیموکریٹکس کے لیے مہم چلائی اور محنت کی وہ ان سب کے شکر گزار ہیں۔

امریکی نیٹ ورکس کے مطابق ڈیموکریٹ نے ایوان نمائندگان میں اکثریت برقرار رکھی ہے، جوبائیڈن نے 238 جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 213 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے ہیں۔ باوجودیکہ 19 ریاستوں میں ری پبلکن امیدوار ٹرمپ کو ہی برتری حاصل ہے، 16 ریاستوں میں ڈیموکریٹک امیدوار بائیڈن آگے ہیں۔ ابھی 16 ریاستوں سے صدارتی انتخاب کے نتائج آنا باقی ہیں۔

جوبائیڈن نے جہاں نیوہیپمشائر میں کامیابی حاصل کر لی وہیں الاباما میں سینیٹ کی نشست ری پبلکن کے پاس ہی برقرار رہی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بعض انتخابی نتائج روکنے کو فراڈ قرار دے کر صورتِ حال پر سپریم کورٹ جانے کا اشارہ بھی دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ واضح طور پر جیت رہے تھے کہ اچانک سب کچھ روک دیا گیا، نتائج آتے آتے رک گئے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ امریکی عوام کے ساتھ دھوکا اور بڑا فراڈ ہے، سپریم کورٹ جائیں گے تاکہ تمام ووٹنگ کو روک دیا جائے۔