کچھ عقیدت مند ضلع امبیڈکر نگر کے کچھوچھہ میں زیارت کیلئے گئے تھے۔ زیارت کے بعد لکھیم پور کیلئے لوٹ رہے تھے۔
بہرائچ: اتر پردیش کے ضلع بہرائچ کے پریاگ پور علاقہ میں ایک خوفناک سڑک حادثے میں وین سوار چھ زائرین کی موت ہوگئی، جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ عقیدت مند ضلع امبیڈکر نگر کے کچھوچھہ شریف میں زیارت کیلئے گئے تھے۔ زیارت کے بعد وین سوار اتوار کی شب تقریباً 12 بجے لکھیم پور کیلئے لوٹ رہے تھے۔
پریاگ پور کے علاقے میں گونڈا بہرائچ شاہراہ پر شیوڈھا موڑ کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک نے وین کو ٹکر مار دی، جس سے وہ الٹ گئی۔ حادثے میں چھ افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ دس افراد زخمی ہوگئے۔
تمام زخمیوں کو بہرائچ میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے، جس میں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔